رینجرز کی گلشن اقبا ل کے علاقے میں کارروائی، ڈکیتی اور سٹریٹ کرائم میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)رینجرز نے گلشن اقبا ل کراچی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور سٹریٹ کرائم میں ملوث 3 ملزمان رب نواز عرف بگا، امتیاز عرف بھنڈی اور امیر معاویہ کو گرفتارکر لیا ۔
ترجمان رینجرز کے مطابق تینوں ملزم کراچی کے مختلف علاقوں ناظم آباد ، ناگن چورنگی ، طارق روڈ ،گلشن اقبال اورگلستان جوہر میں اے ٹی ایم سے کیش نکالنے والے شہریوں کو لوٹنے اور سٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان کی گرفتار ی اے ٹی ایم سے منسلک سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں آئی جس میں رب نواز عرف بگا اور امیر معاویہ کو واردات کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے ۔ملزمان کے قبضے سے ڈکیتیوں کے دوران استعمال ہونے والا اسلحہ اورایمونیشن بھی بر آمد کرلیا گیا ہے اورتینوں ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ترجمان رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مشکوک عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ،رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں،اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔