شمالی اور جنوبی کوریا کے مابین جلد عسکری سمجھوتہ متوقع

شمالی اور جنوبی کوریا کے مابین جلد عسکری سمجھوتہ متوقع

سئیول(آئی این پی )جنوبی کوریا کے ایک اعلیٰ حکومتی عہدیدار کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے ساتھ جلد عسکری سمجھوتا ہو گا۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سیول میں ایک سرکاری عہدے دار نے بتایا ہے کہ شمالی اور جنوبی کوریا عنقریب ایک فوجی معاہدے تک پہنچنے کا اعلان کریں گے۔اس سے قبل واشنگٹن یہ کہہ چکا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو 27 ستمبر کو شمالی کوریا کے حوالے سے سلامتی کونسل کے ایک اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں وہ عالمی برادری سے مطالبہ کریں گے کہ پیونگ یانگ پر دبا ؤجاری رکھا جائے تا کہ شمالی کوریا کو اس کے جوہری ہتھیاروں سے دست برداری پر مجبور کیا جا سکے۔امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوورٹ کے مطابق وزرا خارجہ کی سطح پر ہونے والا یہ اجلاس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے عمومی اجلاس کے ضمن میں منعقد ہو گا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ "اجلاس میں شمالی کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے حتمی اور مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے ہماری جانب سے کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا جائے گا"۔اقوام متحدہ میں امریکا کی مستقل سفیر نکی ہیلے روس پر یہ الزام عائد کر چکی ہیں کہ اس نے شمالی کوریا پر عائد پابندیاں لاگو کرنے میں "دھوکے" سے کام لیا۔ انہوں نے باور کرایا کہ ماسکو پابندیوں کے نظام میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔

مزید : عالمی منظر