وزیر اعظم مردم شماری کا مسئلہ مشترکہ مفادات کونسل کے ایجنڈے میں شامل کرائیں ، رضا ہارون

وزیر اعظم مردم شماری کا مسئلہ مشترکہ مفادات کونسل کے ایجنڈے میں شامل کرائیں ...

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے سیکرٹری جنرل رضا ہارون نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مردم شماری کا اہم ترین مسئلہ 24 ستمبر کو ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان قوم سے وعدے کے مطابق پورے پاکستان کے تمام صوبوں کی مردم شُماری کے 5 فیصد بلاکس کے نتائج کی کسی تیسرے فریق سے توثیق کرائیں جیسا کہ 13 نومبر 2017 کے اجلاس میں مشترکہ مفادات کونسل کے فورم کے زریعے فیصلہ کیا گیا تھا. رضا ہارون نے پاکستان کے صدر عارف علوی سے بھی کراچی کے شہری ہونے کے ناطے اپیل کی ہے کہ وہ یہ یقینی بنائیں کہ کراچی کی آبادی میں کم گنے گئے 70 لاکھ افراد مردم شُماری میں شامل کیئے جائیں تاکہ ملکی وسائل کی تقسیم میں کراچی کو اس کا جائز حصہ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ اب انتخابات ختم ہوچکے ہیں اور انکی مطابقت سے فی الحال حلقہ بندیوں میں کسی بھی قسم کے ردو بدل کی گنجائش نہیں ہے لہٰذا ملک کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ درست مردم شماری کو یقینی بنایا جائے تاکہ وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہو سکے۔

مزید : علاقائی