حضرت امام حسین کی دین اسلام کی بقاء کیلئے قربانیاں اسلام کا ایک رون باب ہیں، وزیرا علیٰ بلوچستان

حضرت امام حسین کی دین اسلام کی بقاء کیلئے قربانیاں اسلام کا ایک رون باب ہیں، ...

کوئٹہ(اے این این) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اُن کے خاندان اوررفقاء کار کی دین اسلام کی بقاء اورسربلندی کیلئے دی جانے والی قربانیاں اسلام کا ایک روشن باب ہیں جنہیں رہتی دنیا تک فراموش نہیں کیاجائے گا۔ان قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے اندر ایثار،قربانی،تحمل اوربرداشت کا جذبہ پیداکرتے ہوئے فرقہ ورانہ ہم آہنگی،بھائی چارے اوریکجہتی کے جذبات کو فروغ دیں اوراپنے قول وعمل سے خود کوبہترین مسلمان ثابت کریں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے عاشورۂ محرم کے موقع پر دیئے گئے اپنے ایک پیغام میں کیا،وزیراعلیٰ نے کہاکہ حضرت امام حسینؓ اوراُنکے ساتھیوں نے عددی تعداد میں کم ہونے کے باوجود یذید کی طاقت کے سامنے سرنگوں ہونے سے انکار کیااورحق کی راہ میں جاں دینے کو ترجیح دی ،یہ حق وباطل کی جنگ تھی جس میں فتح حق کی ہوئی شہدائے کربلا کی قربانیو ں کے نتیجے میں دین اسلام کی سربلندی ہوئی اورباطل قوتوں کو شکست کا سامناکرناپڑا، وزیراعلیٰ نے کہاکہ اسلام کی خاطر دی جانے والی یہ عظیم قربانیاں شدت پسندی اورانتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ،ملک وقوم کو دہشت گردی اورشدت پسندانہ سوچ کی صورت میں درپیش چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہمیں بھی اپنے اندرجذبہ حسینی پیداکرناہوگا۔وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں اتحاد بین المسلمین کوناگزیر قراردیتے ہوئے کہاہے کہ ہمیں کفری قوتوں سے مقابلے کیلئے اپنی صفوں میں مکمل اتحاد برقراررکھناہوگا،اس حوالے سے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کوبنیادی کرداراداکرتے ہوئے معاشرے کی صحیح سمت میں رہنمائی کرناہوگی،وزیراعلیٰ نے دُعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں سیدھے رستے پرچلنے کی توفیق عطافرمائے اورہمارے سینے ایمان کی روشنی سے منور کردے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان

مزید : علاقائی