پاکستان اور آذر بائیجان کے مابین براہ راست ہوائی سفر سے تجارت کو فروغ ملے گا ، صادق سنجرانی

پاکستان اور آذر بائیجان کے مابین براہ راست ہوائی سفر سے تجارت کو فروغ ملے گا ...

 باکو ( آئی این پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین براہ راست ہوائی سفر کی سہولت کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارت ، سرمایہ کاری اور سیاحت کے شعبے کو فروغ ملے گا، دونوں ممالک کے مابین موجودہ اقتصادی تعلقات کو مزید موثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے،دونوں ممالک کے مابین تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہوئے ہیں، گوادر بندرگاہ کا شمال مغربی ٹرانسپورٹ راہداری دونوں ممالک کے مابین نہ صرف تجارتی تعلقات کو فروغ دے گابلکہ اس سے روابط میں بھی بہتری آئے گی، وہ ان خیالات کا اظہار جمعرات کو آذربائیجان کے صدرالہام علیوف سے ملاقات کے دوران کر رہے تھے ،ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے ویزا پالیسی میں نرمی لانے اور پاکستان اور آذربائیجان کے مابین براہ راست ہوائی سفر کی سہولت کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارت ، سرمایہ کاری اور سیاحت کے شعبے کو فروغ ملے گا۔ محمدصادق سنجرانی نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کا شمال مغربی ٹرانسپورٹ راہداری دونوں ممالک کے مابین نہ صرف تجارتی تعلقات کو فروغ دے گابلکہ اس سے روابط میں بھی بہتری آئے گی۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سینیٹ کے پارلیمانی وفد کے ہمراہ 4 روزہ دورے پر آذربائیجان کی صدسالہ تقریبات میں شریک ہیں۔پارلیمانی وفد میں سینیٹرز سردار محمد اعظم خان موسیٰ خیل ، محمد ایوب آفریدی ، نگہت مرزا شامل ہیں۔ آذربائیجان کے صدر نے پاکستانی وفد کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے کاایک اہم ملک ہے۔باہمی تجارت کو فروغ دے کر دونوں ممالک فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔آذربایئجان میں مصر ، کوریا ، آئیرلینڈ ، متحدہ عرب امارات کے پارلیمانی سربراہان اور وفود سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور امن کے لئے کی جانے والی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور مظالم کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وفود نے صادق سنجرانی کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے باہمی تعاون کو بڑھانے پر زور دیا۔

مزید : صفحہ آخر