حضرت امام حسینؓ قرآنی تعلیمات برداشت اور جذبہ شہادت کی لازوال مثال ، اسد قیصر

حضرت امام حسینؓ قرآنی تعلیمات برداشت اور جذبہ شہادت کی لازوال مثال ، اسد قیصر

 اسلام آباد(آئی این پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم اسوہ شبیری پر عمل کرتے ہوئے باہمی اختلافات، تنگ نظری اور فرقہ واریت کو بھلا کر اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے ذریعے اپنی تمام مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں۔جمعرات کو سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے یو م عا شورہ پر جا ری کیئے جا نے والے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت امام حسین ر ضی اللہ عنہ اوران کے ساتھی قرآنی تعلیمات ،برداشت، قربانی اور جذبہ شہادت کی ایک لازوال مثال ہیں۔انہوں نے کہا واقعہ کربلا اللہ تعالی اور یوم آخرت پرغیر متزلزل ایمان ، بے مثال تقویٰ ، بہادری ،اللہ کی راہ میں صبر اور قرآن مجید میں بیان شہادت کے جذبے کا ایک بہترین نمونہ ہے جو قیامت تک یاد رکھا جائے سپیکر نے کہا کہ بحثیت مسلمان یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ان طاغوتی قوتوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہو جائیں جو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے معاشرے میں انتشار پھیلارہی ہیں دریں اثنا ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ یوم عاشورہ کا معرکہ جوسچائی اور باطل قوتوں کے مابین پیش آیا مسلمانوں کو حق وسچ کے لیے باطل قوتوں کے سامنے سینہ سپر ہونے کا درس دیتا ہے ۔جمعرات کو ڈپٹی سپیکر نے یو م عا شورہ پر جا ری کیئے جا نے والے اپنے پیغام میں کہا کہ یہی وہ راستہ ہے جس پر حضرت محمد ﷺ نے ہمیں عمل پیرا ہونے کا درس دیا ہے اور جس کے لیے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے ساتھیوں نے بے مثال قربانیوں پیش کیں ۔انہوں نے کہا کہ یوم عاشور ہمیں حق وسچ پر ثابت قدم رہنے اور باطل کے خلاف کھڑے ہونے پر حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے ۔

مزید : صفحہ آخر