اسلام دین امن اور محبت محرم الحرام کا مہینہ ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے ، شوبز شخصیات

اسلام دین امن اور محبت محرم الحرام کا مہینہ ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے ، ...

 لاہور(فلم رپورٹر)شوبز کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کا کہنا ہے کہ ہم سب کو نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسینؓ کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام سے منانا چاہیے ۔اداکارہ ریشم کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کا مہینہ ہمیں ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے اس ماہ مقدس میں زیادہ سے زیادہ عبادت کا موقع مل جاتا ہے ان کا کہنا ہے کہ اسلام محبت اور امن کا دین ہے ، حقوق العباد کی ادائیگی سے ہم دنیا وآخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں اس موقع پر اداکارہ نمرہ چوہدری نے کہا کہ ماہ محرم عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے حضرت امام حسینؓ اور ان کے خاندان نے قربانیاں پیش کرکے ایک تاریخ رقم کی اور اسلام کا علم بلند کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ غم حسین سے بڑھ کر یقیناًکائنات میں اور کوئی غم نہیں ۔ اداکارہ روز بٹ نے کہا کہ امام حسینؓ کی عظیم قربانی اور شہادت ہم سب مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے ،ہمیں ایک دوسرے کی عزت اور احترام کرنا چاہئے یہی ہمارا دین اسلام سبق دیتا ہے،روز بٹ نے مزید کہا کہ نواسہ رسول ؐکی قربانی انسانیت پر وہ عظیم احسان ہے جس کی مثال تا قیامت پیش نہیں کی جاسکے گی۔صباء کاظمی کا کہنا ہے کہ میگھا ور ندا چوہدری اور مجھ سمیت درجنوں فنکارمحر م کے احترام میں شوبزسے الگ رہے محرم کے بعد دوبارہ شوبز سر گر میوں کا آغاز کیا جائیگا ۔استاد حسین بخش گلو،حسن عسکری ،شہزاد سنتو قوال ،سید نور،صومیہ خان،علی جمشید نقوی،ثناء بٹ ، آشا چوہدری، عباس باجوہ،مختار چن،آشا چوہدری،اسد مکھڑا،وقا ص قیدو،چوہدری ارشد،چنگیز اعوان،حسن مراد،حاجی عبد الرزاق،خالد معین بٹ ،مجاہد عباس ، ڈائریکٹر ڈاکٹر اجمل ملک،کوریوگرافر راجو سمراٹ،صومیہ خان،حمیرا چنا ،اچھی خان،شبنم چوہدری،محمد سلیم بزمی ، شیراز علی ،استاد رفیق حسین،فیاض علی خاں ، پروڈیوسر شوکت چنگیزی،ظفر عباس کھچی،ڈی او پی راشد عباس ، آغا حیدر،پرویز کلیم اور نجیبہ بی جی اوردیگر کا کہنا تھا کہ جتنا وقت گزرتا جا رہا ہے واقعہ کربلا اتنا ہی اپنا رنگ گہرا کرتا جا رہا ہے یعنی جس قدر بشریت کی ترقی و عروج کا سفر آگے بڑھ رہا ہے اسی قدر یہ واقعہ اپنی حقانیت ظاہر کرتا جا رہا ہے۔ تبھی تو جوش ملیح آبادی کہہ گئے ہیں کہ ’’انسان کو بیدار تو ہو لینے دو،ہر قوم پکارے گی ہمارے ہیں حسینّ‘‘آج دنیا میں ایسے افراد بہت کم ہوں گے جو نواسہ رسول جگر گوشہ بتول حضرت امام حسین بن علی ابن ابی طالبّ کے نام سے آشنا نہ ہوں۔فنکاروں کا کہنا ہے کہ امام حسینؓ نے اپنے نانا رسول اللہؐ کے دین کی سرفرازی کے لئے جو قربانی دی اس قیامت تک اسلام کا بول بالا کردیا ۔ یزید اپنے مظالم کی وجہ سے لعنت کاحقدار ہے دنیا کا ہر شخص اس پر لعنت بھیجتا ہے جبکہ علماء کرام امام حسینؓ کی قربانی کی داستان کے ذریعے دنیا کو بتا تے ہیں دین کی بُلندی کے لئے ہمیشہ آل محمدؐ نے قربانی دی ہے۔۔واقعہ کربلا ہمیں انسانیت کا درس دیتا ہے۔ یزید کے مظالم پر انسانیت آج بھی خون کے آنسو روتی ہے قیامت ہر درد دل رکھنے والا کربلا کے واقعے کو یاد کرکے روتا رہے گا۔ مسلمان امام حسینؓ کے نقش قدم پر چل کر ایک بار پھر پوری دنیا پر حکمرانی کرسکتے ہیں۔فنکاروں نے مزید کہا کہ معرکہ کربلا کو 14سو سال کا عرصہ گذر چکاہے لیکن آج بھی اس کی یاد شان و شوکت سے منائی جاتی ہے اسلام کے دشمن اور یزید کے پیروکار دنیا کے امن کو تباہ کرنے کے لئے اس وقت بھی دہشت گردی میں مصروف ہیں۔اگر ہماپنی زندگی کو کامیاب بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں امام حسین کے نقش قدم پر چلنا ہوگا۔

شوبز شخصیات

مزید : میٹروپولیٹن 1