کمشنر ،آر پی اوز کا سیالکوٹ کا دورہ ،محرم الحرام کے سلسلہ میں سیکورٹی کا جائزہ لیا

کمشنر ،آر پی اوز کا سیالکوٹ کا دورہ ،محرم الحرام کے سلسلہ میں سیکورٹی کا ...

سیالکوٹ (بیورورپورٹ )کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اسد اللہ فیض اور ریجنل پولیس آفیسرگوجرانوالہ ایڈیشنل آئی جی شاہد حنیف کا سیالکوٹ کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے سلسلہ میں سیکیورٹی و دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیااور یوم عاشور کے مرکزی جلوسوں کے روٹ کا معائنہ کیا۔ ڈی سی سیالکوٹ محمد طاہر وٹو اور ڈی پی او عبدالغفار قیصرانی نے کمشنر اور آر پی او گوجرانوالہ کو محرم پلان 2018ء اور اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کئے گئے انتظامات کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر گوجرانوالہ اسد اللہ فیض نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

آ ر پی او گوجرانوالہ ایڈیشنل آئی جی شاہد حنیف نے ضلعی پولیس کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ جلوسوں کے روٹس کی کلیئرنس کروائیں اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کریں ۔ ڈی سی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اے کٹیگری کے جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کیلئے 180سے زائد کیمرے نصب کئے گئے ہیں جن کو آئی پی لنک سے تحصیلوں میں قائم سب کنٹرول روم اورضلعی کنٹرول روم سے لنک کیا گیا ہے ۔ 250تنظیم شہری دفاع کے رضاکاروں اور سول ڈیفنس کے عملہ بھی ڈیوٹی انجام دیگا ۔ انہوں نے کہاکہ رات کے جلوسوں کیلئے اسٹریٹس لائٹس کے ساتھ بیک اپ جنریٹر کا بھی انتظام کیا گیا ہے ۔ قبل ازیں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اسد اللہ فیض اور آر پی او گوجرانوالہ شاہد حنیف نے ضلعی کنٹرول روم کا دورہ کیا ۔

مزید : علاقائی