شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ، آج کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا

شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ، آج کربلا گامے شاہ پہنچ کر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور/اسلام آباد/ کراچی/ پشاور/ کوئٹہ (کرائم رپورٹر،خبرنگار،این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک)نواسہ رسول ؐحضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کیلئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں گزشتہ شبشبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوگیا جوآج کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔قبل ازیں9ویں محرم کوشبیہ ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوئے،جلوسوں میں عزادار وں نے شہدائے کربلا کوخراج عقیدت پیش کیا۔تفصیلات کے مطابق9 ویں محرم الحرام کی مناسبت سے ملک بھر میں شبیہ ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے۔لاہور میں 9محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اسی مقام پر واپس آکر اختتام پذیر ہوا ۔ کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا ۔اسلام آباد میں مرکزی جلوس سیکٹر جی 6ٹو امام بارگاہ سے برآمد ہوا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوا ۔گوجرانوالہ میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حویلی سادات سے برآمد ہوا جبکہ ملتان میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہوا ۔ پولیس نے جلوسوں کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے اور جگہ جگہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ۔لاہور ، کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکار پور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ ، سرگودھا، کوئٹہ اور پشاور سمیت دیگر کئی شہروں میں موبائل فون سروس کہیں جزوی اور کہیں مکمل طور پر معطل رہی جبکہ مختلف شہروں میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد رہی جبکہ ملک بھر میں آج یوم عاشورآج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا ،ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس مرکزی امام بارگاہوں سے برآمد ہوں گے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے منزل مقصود پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے جس کے بعدشام غریباں برپا کی جائے گی۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ۔ لاہور ، کراچی ، پشاور سمیت ملک کے بڑے شہروں میں ڈبل سواری پر بھی مکمل پابندی عائد ہو گی جبکہ امن و امان کے پیش نظر ملک کے مختلف شہروں میں جلوسوں کے روٹ پر موبائل فون سروس معطل رہے گی جو کہ جلوسوں کے اختتام تک معطل رہے گی ۔امن وامان کو یقینی بنانے کی غرض سے پولیس کے ساتھ پاک فوج ، رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہوں گے۔ وزارت داخلہ میں قائم خصوصی مانیٹرنگ سیل پورے ملک میں سکیورٹی صورتحال کو مانیٹر کرے گا۔پنجاب میں ہیلی کاپٹرز کے ذریعے محرم الحرام کے جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی جبکہ جلوس کے راستوں میں آنے والے تجارتی مراکز اور رہائشگاہوں کی جامع تلاشی کے بعد ان کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں گے۔
یوم عاشور

مزید :

صفحہ اول -