سانحہ کربلا ہمیں اعلیٰ مقاصد کیلئے ایثار وقربانی کا درس دیتا ہے،صدر مملکت

سانحہ کربلا ہمیں اعلیٰ مقاصد کیلئے ایثار وقربانی کا درس دیتا ہے،صدر مملکت

سلام آباد (سٹاف رپورٹر)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور عدم برداشت کے تباہ کن نظریات کے قلع قمع کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے ٗ رواداری ، حق وانصاف کے فروغ، بھائی چارہ اور امن و عامہ کے لیے اپنا کردارادا کرتے رہیں گے ٗ یومِ عاشورہ ہمیں شہداء کربلا کی ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو اُنہوں نے حق کی سربلندی اوردین محمدی کی بقاء کے لیے میدان کربلا میں پیش کیں۔ یومِ عاشورہ محرم کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں اعلیٰ مقاصد کے حصول کی خاطر ایثار وقربانی کا درس دیتا ہے۔ اعلیٰ مقاصد اور استقامتِ حق کا حصول ہی وہ نصب العین ہے جس کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہئیے۔ یہی وہ عمل ہے جسے امام حسین رضی اللہ عنہ کے حوالے سے تاریخ نے اُسؤہ شبیری کے نام سے موسوم کیا ہے ۔شہادت امام حسینؓ کا یہ عظیم واقعہ ہرسال مسلمانوں کو اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ جبرواستبدادکی طاقتوں کا قلع قمع کرنے کے لیے ضرورت کے وقت جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کرنا چاہئیے۔ یہ وہ دن ہے جب حق وباطل کی جنگ میں خود نواسۂ رسولؐ نے اپنی اور خانوادۂ رسول ؐ کی جانوں کی عظیم قربانی دی اور اپنی شہادت سے سانحہ کربلاکے سبق کو عالمِ انسانیت کے لیے بالعموم اور عالمِ اسلام کے لیے بالخصوص مشعل راہ بنادیا۔صدرڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آج کے دن ہم یہ عہد کریں کہ ہم اسوۂ شبیری کی روشنی میں ہر وہ کام سرانجام دیں جواحترامِ انسانیت ، جمہوریت کی بقاء اور اسلامی اقدار کے فروغ کا باعث بنے اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مفید ہو۔ دہشت گردی، انتہاپسندی اور عدم برداشت کے تباہ کن نظریات کے قلع قمع کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ رواداری ، حق وانصاف کے فروغ، بھائی چارہ اور امن و عامہ کے لیے اپنا کردارادا کرتے رہیں گے۔صدر مملکت نے کہا کہ یہی وہ پیغام ہے جو شہادت امام عالی مقام کی عظیم الشان اور لازوال قربانی سے ہمیں ملتا ہے۔

مزید : صفحہ اول