منی بجٹ میں ٹیکسوں کے اثرات ، چاول اور مشروت سمیت ، 170اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ

منی بجٹ میں ٹیکسوں کے اثرات ، چاول اور مشروت سمیت ، 170اشیاء کی قیمتوں میں ...

لاہور(جاوید اقبال)وفاقی حکومت کے منی بجٹ میں لگائے گئے ٹیکسوں کے اثرات آنا شروع ہو گئے،اینٹ،سیمنٹ ،چاول، سگریٹ، میک اپ کے سامان اور مشروبات سمیت 170اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق منی بجٹ میں ٹیکسوں کی شرح بڑھنے پرایک ہزار اینٹ کی قیمت میں 4ہزار روپے اورچاول فی بوری(50کلو) کی قیمت میں 1000روپے کا ریکارڈ اضافہ ہو گیا ، سیمنٹ کی فی بوری پر 20روپے جبکہ سگریٹ کے مختلف برانڈز پر10 سے 30روپے فی پیکٹ (20سگریٹ) قیمت میں اضافہ سامنے آ گیا ۔سروے رپورٹ کے مطابق میک اپ کے سامان کی قیمتوں میں 20سے 50روپے فی آئٹم اضافہ ہو گیا ہے ،شیمپواور پر فیومز کی قیمتوں میں 30سے 200روپے فی پراڈکٹس اضافہ ہو گیا ، مشروبات کی قیمتوں میں بھی 5سے20روپے فی بوتل اضافہ سامنے آ گیا ہے ۔ خشک اور ڈبے والے دودھ کی قیمت بھی 10روپے بڑھ گئی،کوکنگ آئل اور گھی کی قیمت میں 5روپے فی کلو اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ مارکیٹ میں درآمد شدہ گاڑیاں بھی 50ہزار سے ایک لاکھ روپے مہنگی ہو گئیں۔

مزید : صفحہ اول