سعودی عرب کا پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا امکان

سعودی عرب کا پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا امکان

اسلام آباد(صباح نیوز)سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب بہت کامیاب رہا ہے، سعودی حکومت سی پیک میں بھاری سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ دورے کے دوران اس حوالے سے تفصیلی بات ہوئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب گوادر میں آئل سٹی بنائے گا۔ متحدہ عرب امارات(یو اے ای)نے بھی پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ سعودی عرب کی سی پیک میں شمولیت کے لئے پاکستان نے چین کو اعتماد میں لے لیا ہے۔وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کے دوران پاکستان نے 15 ارب ڈالر کے پیکیج کی خواہش کا اظہار کیا جس کے جواب میں سعودی حکومت 10 ارب ڈالر دینے پر رضامند ہوگئی ہے، یہ رقم اقتصادی منصوبوں کی صورت میں پاکستان کو ملیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب پاکستان میں آئل سٹی بھی تعمیر کرے گا یہ آئل سٹی گوادر میں سی پیک منصوبے کا حصہ ہوگا اس سے قبل آئل سٹی چین کو بنانا تھا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور وفد نے بھارتی شر انگیزیوں کے بارے میں بھی سعودی عرب کو اعتماد میں لیا۔وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بھی اپنی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے ساتھ سعودی عرب بھی سی پیک کا تیسرا اہم شراکت دار ہو گا اور اس منصوبے میں بڑی سرمایہ کاری کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں سعودی عرب کا اعلی سطحی وفد پاکستان آئے گا جس میں سعودی وزیرتوانائی اور اعلی شخصیات شامل ہوں گی۔

سعودی عرب

مزید : کراچی صفحہ اول