کراچی ، یوم عاشور کا مرکزی ماتمی جلوس آج نشتر پارک سے بر آمد ہو گا

کراچی ، یوم عاشور کا مرکزی ماتمی جلوس آج نشتر پارک سے بر آمد ہو گا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)دس محرم الحرام کے واقعہ کربلا کی یاد میں یوم عاشور کا مرکزی ماتمی جلوس آج(جمعہ)نشتر پارک سے بر آمد ہوگا۔جلوس کی قیادت بو تراب اسکاٹس کرینگے ۔مرکزی جلوس سے قبل یوم عاشور کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں آج دس بجے منعقد ہوگی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے اور امام عالی مقام کے فضائل اور واقعہ کربلا بیان کرینگے۔بعد ازاں سخت سیکورٹی اور اسکاٹس کے حصار میں جلوس نشتر پارک سے بر آمد ہوگا جو نمائش چورنگی سے اے ایم اے جناح روڈ ،سی بریز،صدر ریگل چوک سے گزرتا ہوا تبت سینٹر پر آئے گا جہاں شرکابا جماعت نمازادا کرینگے ۔ جلوس میں شہداکی یاد میں سبیلیں لگائی جائیں گی، تابوت،شبیہ علم و ذوالجناح بر آمد ہوں گے،عزادارسینہ زنی ، زنجیر زنی اور قمہ کا ماتم کرینگے ،جلوس میں داخلے سے قبل عزاداروں کی مکمل چیکنگ کی جائے گی، پارکنگ کے لیے مزار قائد سے متصل گرانڈ باغ جناح میں گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام کی گیا ہے، جلوس کی سیکورٹی پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہوگی، بلندعمارتوں پر ماہر نشانہ باز موجود ہونگے، ،جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی،ایم اے جناح روڈ کے اطراف کی تمام گلیاں کنٹینرز لگا کر بند کی گئی ہیں ،جلوس کی گزر گاہوں پر موجود پٹرول پم ،سینما گھر اور تمام مارکیٹوں کی دکانیں سیل ہیں جو10 محرم الحرام کے بعد کھولی جائیں گی ،موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے ، موبائل فون سروس جزوی طور پر بند رہے گی،نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد جلوس تبت سینٹر، ریڈیو پاکستان ، جامعہ کلاتھ، سٹی کورٹ ڈینسو ہال اور لائٹ ہاوس سے ہوتا ہواامام بارگاہ حسینیان ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا

مزید : کراچی صفحہ اول