محرم الحرام ، 3دن کیلئے ٹریکٹر سروس بند کرنے کا اعلان

محرم الحرام ، 3دن کیلئے ٹریکٹر سروس بند کرنے کا اعلان

کراچی (اکنامک رپورٹر) ٹریکر کمپنیوں نے عاشورہ محرم کے تین دن ٹریکر سروس بند کرنے کا اعلان کردیا، گاڑی اور ٹرک ، ٹرالر مالکان تذبذب کا شکار۔ تفصیلات کے مطابق عاشورہ محرم کے تین روز 8، 9 اور 10 محرم کو پورے ملک میں سیلولر فون سروس جزوی اور کلی طور پر بند کرنے کے اعلان کے بعد ٹریکر کمپنیوں نے اپنے صارفین کو بذریعہ ایس ایم ایس مطلع کیاہے کہ ٹریکر سروس مذکورہ تین دن مکمل طور پر بند رہے گی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ٹریکر میں ’’سم‘‘ کا استعمال کیا جاتا ہے اور سیلولر کمپنیوں کی جانب سے سیل فون سروس بند کرنے کی وجہ سے ٹریکر میں استعما ل ہونے والی سمیں بھی بند ہوجائیں گی، جس کی وجہ سے ٹریکر کام نہیں کرسکے گا۔ ٹریکر صارفین کے مطابق سندھ بھر میں ٹریکر لگے ہونے کے باوجود گاڑیاں چوری کرلی جاتی ہیں اور ٹریکر سروس بند ہونے کے بعد اس بات کی کیا ضمانت دی جاسکتی ہے کہ گاڑیاں چوری نہیں ہونگی۔ لہذا صارفین کی اکثریت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ ان تین دنوں کے دوران گاڑیوں کا کم سے کم استعمال کریں گے اور ضرورت کے وقت گاڑیاں ایسی جگہ پارک کریں گے جہاں سیکورٹی کا انتظامات تسلی بخش ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہیے کہ وہ ان تین دنوں میں اس حوالے سے خصوصی اقدامات کریں اور خصوصاً ٹول پلازہ پر سیکورٹی سخت کریں تاکہ چوری کی گاڑی کو شہر سے باہر نہ لے جایا جاسکے ۔ اس حوالے سے جب روزنامہ پاکستان نے پولیس اور ٹریفک پولیس سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ مذکورہ تین دنوں میں کراچی سمیت ملک بھر میں سخت سیکورٹی کے انتظامات جس کی وجہ سے توقع ہے کہ گاڑیوں کی چوری سمیت دیگر وارداتیں کم ہونگی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر