اندرون شہر ، سائنسی طریقے سے بجلی چوری کا انکشاف

اندرون شہر ، سائنسی طریقے سے بجلی چوری کا انکشاف

ملتان ( سٹاف رپورٹر) بجلی چوروں نے نت نئے طریقے اپنا لئے ۔ میپکو کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بتایاگیا ہے کہ بجلی چوروں نے میپکو کے جدید سسٹم کو فیل کرتے ہوئے نئے نئے طریقے ایجاد کرلئے ہیں ۔ اس سلسلے میں مختلف مقامات پر بجلی چوری کے جو کیسز پکڑے گئے ہیں ان پر میپکو حکام بھی حیران ہیں ۔ ذرائع کے مطابق اندرون شہر میں بجلی چوری کے مختلف کیسز پکڑے گئے ہیں جن میں بجلی چوروں نے اپنے گھروں کی بیرونی دیواروں میں ڈرل (بقیہ نمبر52صفحہ12پر )

مشین سے سوراخ کرواکر ان میں 2باریک سلاخیں گزاریں جن پر ٹیپ چڑھائی گئی تھی تاکہ کرنٹ نہ لگے ۔ باہر میپکو کی مین پی وی سی تاروں کو پنکچر کرکے مذکورہ باریک سلاخیں اندر داخل کر دیں جن کے ذریعے ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری کی جارہی تھی ۔پی وی سی تار چونکہ بالکل دیواروں کے ساتھ جال کی صورت میں تھے ۔ اس لئے پتہ ہی نہیں چلتا تھا کہ کوئی ایسا بھی کر سکتا ہے۔طویل عرصے سے یہ سلسلہ جاری تھا۔ مخبر کی اطلاع پر میپکو سٹی سب ڈویژن کی ٹیم نے چھاپہ مار کر بجلی چوری پکڑ لی اور صارف کے خلاف مقدمہ درج کراکر اسے گرفتار کرایا گیا جس نے انکشاف کیا کہ شمس آباد کے ایک الیکٹریشن نے یہ کام کیا تھا۔ دوسری جانب ایسے بھی کیسز سامنے آئے ہیں جن میں بجلی کے میٹر باہر کھمبوں پر لگے ہیں لیکن ان میں ایک مخصوص لوپ لگا ئی گئی تھی ۔ ریڈنگ سے چند روز قبل لوپ نکال لی جاتی تھی اور میٹر ریڈر کو پتہ نہیں چلتا تھا۔سرویلنس ٹیم نے مخبری پر ریڈنگ کے چند روز بعد چیکنگ کی تو میٹروں میں لوپ لگی پائی گئی۔اس کے علاوہ اندرون شہر دیواروں پر بینرز لگا کر ان کی اوٹ میں پی وی سی تاروں میں کنڈی لگا کر ڈائریکٹ بجلی چوری کرنے کے کیسز بھی پکڑے گئے ہیں ۔میپکو حکام نے بجلی چوری کے خلاف سرویلنس ٹیموں کو دن رات چیکنگ کرنے کا حکم دید یا ہے۔

اندرون شہر

مزید : ملتان صفحہ آخر