”ہم یہاں بھی نہیں آئیں گے“ بھارت نے ملاقات کے بعد اہم ترین بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت سے بھی انکار کر دیا

”ہم یہاں بھی نہیں آئیں گے“ بھارت نے ملاقات کے بعد اہم ترین بین الاقوامی ...
”ہم یہاں بھی نہیں آئیں گے“ بھارت نے ملاقات کے بعد اہم ترین بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت سے بھی انکار کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ویب ڈیسک) بھارت نے پاکستان کی میزبانی میں سارک کانفرنس میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی اور مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں ہو سکتے، تاہم رواں ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات کی درخواست کو نئی دہلی نے قبول کر لیا ہے۔

میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزارت امور خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا کہ ساﺅتھ ایشین ایسوسی ایشن فار ریجنل کو آپریشن (سارک) کے حوالے سے بھارت کا موقف واضح اور اٹل ہے۔ ہم یہ متعدد مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ خطے میں تنظیم کا اجلاس بلانے کیلئے ماحول سازگار نہیں، صرف بھارت ہی ایسا محسوس نہیں کرتا۔ کمار کا کہنا تھا کہ خطے کے کچھ دیگر ممالک بھی ہیں جنہوں نے بھارت کی طرح یہ محسوس کیا ہے کہ دہشت گردی اور سرحد پار سے ہونے والی در اندازی کے واقعات کے درمیان سارک اجلاس منعقد کرنا مشکل ہے اور اس اجلاس کی میزبانی پاکستان کو کرنا ہے۔

بریفنگ سے قبل کمار نے اعلان کیا کہ سوشما سوراج اور شاہ محمود قریشی کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوگی، یہ تین سال میں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان پہلی ملاقات ہوگی۔ قبل ازیں، وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو لکھے گئے خط میں 20ویں سارک اجلاس کا انعقاد اسلام آباد میں کرنے کی بات کی تھی۔ انہوں نے لکھا تھا کہ اجلاس سے آپ کو پاکستان آنے اور ہمیں (پاکستان کو) تعطل کا شکار مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کرنے کا موقع ملے گا۔