”بھارت کے انکار سے ہمیں فرق نہیں پڑتا کیونکہ۔۔۔“ فواد چوہدری نے ایسی بات کہہ دی کہ بھارتی سوچتے ہی رہ جائیں گے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہاہے کہ وزرائے خارجہ ملاقات سے انکار نے بھارتی حکومت کی اندرونی تقسیم کوواضح کردیاہے ،اس انکار سے پاکستان کو فرق نہیں پڑتا بلکہ بھارت دنیا بھر میں تنہا ہورہاہے ۔
جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ بھارت کی جانب سے وزرائے خارجہ ملاقات سے انکار سے ظاہر ہوتاہے کہ بھارتی حکومت میں تقسیم ہے ۔ پاکستان بھارت کے ساتھ مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کر نا چاہتاہے لیکن تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے ۔ ہمیں بھارت کے انکار سے فرق نہیں پڑتا اس سے بھارت دنیا بھر میں تنہا ہورہاہے ۔ دنیا بھرکے رہنماﺅں نے وزیر اعظم عمران خان کی پالیسی کو سراہاہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے روانہ ہورہے ہیں ۔ ہم نے پاکستان اور بھارت کے کروڑوں عوام کوجوخط غربت سے نیچے زندگی بسر کررہے ہیں ، غربت اور افلاس سے نکالنے کیلئے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کی تھی کہ آئیںاور تمام مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے حل کریں لیکن دنیانے دیکھ لیا ہے کہ بھارت مذاکرات کا عمل سبوتاژ کرنا چاہتاہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھار ت کے درمیان اصل مسئلہ کشمیرہے ۔ ہم لوگوں کو امن کی فضاءمیں لانے اور غربت سے نکالنے کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔