عالمی امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ کیا ہے؟ بلاول بھٹو نے بتا دیا

عالمی امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ کیا ہے؟ بلاول بھٹو نے بتا دیا
عالمی امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ کیا ہے؟ بلاول بھٹو نے بتا دیا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کرہ ارض پر مکمل امن انسانی خوشحالی کا واحد راستہ ہے، تشدد اور دہشت گردی عالمی امن کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں۔

نجی ٹی وی چینل” ہم نیوز“ کے مطابق عالمی یوم امن پر پیغام دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دنیا کو اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے ناانصافی، ظلم، عدم مساوات اور غریبوں کے استحصال کے خلاف لڑنا ہو گا،عالمی امن کے بڑے مقصد کی خاطر ہمیں پسے ہوئے طبقات کی آواز بننا ہو گا، عالمی برادری ترقی پذیر معاشروں میں جمہوریت کی نشوو نما میں مدد دے، جمہوریت، مساوات، اور شفافیت کو تقویت دے کر ہی تنازعات پر قابو پایا جا سکتا ہے، انفرادی اور اجتماعی سطح پر انسانی حقوق کا تحفظ ہر معاشرہ کی ذمہ داری ہے، پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار ہے۔

انہوں نے بتایا کہ امن کی راہ میں ہم نے ہزاروں شہریوں اور فوجی جوانوں سمیت بڑے پیمانے پر سیکیورٹی اہلکاروں کی جانوں کا نذرانہ ہیش کیا ہے، مسلم دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم اور سینکڑوں سیاسی کارکن دہشت گردی کا شکار ہوئے، پاکستان پیپلزپارٹی ملک اور پوری دنیا میں بحالی امن کی جدوجہد جاری رکھنے کا وعدہ کرتی ہے اور وہ ناانصافی اور غربت کے خاتمے اور بھائی چارہ کے فروغ کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

مزید : قومی