ناخنوں پر اس طرح کے نشان بن جائیں تو ان کا کیا مطلب ہوتا ہے؟ جانئے وہ بات جو آپ کو معلوم نہیں
برمنگھم(نیوز ڈیسک)صحت مند ناخن بالکل ہموار اور چمکدار ہوتے ہیں، ان پر کسی قسم کے نشانات نہیں ہوتے، لیکن بعض اوقات ہمارے ناخنوں پر متوازی لکیریں نمودار ہو جاتی ہیں۔ویب سائٹ Healthista کی ایک رپورٹ میں ماہرین غذائیات بتاتے ہیں کہ ناخنوں پر متوازی لکیریں خون کی کمی کی علامت ہوسکتی ہیں۔ اگرچہ ضروری نہیں کہ یہ لکیریں ہمیشہ خون کے مسائل کے سب ہی ظاہر ہوں، مگر ان کے متعلق ماہر ڈاکٹر سے رابطہ ضرور کر لینا چاہیے کیونکہ کوئی جسمانی مسئلہ نا بھی ہو تو اکثر لوگوں کے لئے یہ نفسیاتی پریشانی کا سبب ضرور بن سکتی ہے۔
ناخنوں کے علاوہ جسم کے کئی دیگر حصوں پر ظاہر ہونے والی علامات بھی ہمیں اندرونی بیماریوں سے خبردار کر سکتی ہیں۔ مثال کے طور پر زبان پر سفید ذرات کی تہہ جم جانا اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کے نظام انہظام میں خرابی ہے، خاص طور پر نظام انہظام کو صحت مند رکھنے والے بیکٹیریا کے عدم توازن، آئرن اور وٹامن بی کی کمی یا ذیا بیطس کی وجہ سے یہ کیفیت پیدا ہوسکتی ہے۔
منہ کے اندر بننے والے زخم کمزور ہوتے مدافعتی نظام کی علامت ہوتے ہیں جبکہ چہرے کی جلد پر منہ کے قریب بننے والے زخم دراصل وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے انفیکشن کی علامت ہوتے ہیں۔
آنکھوں کی رنگت زردی مائل ہونے لگے تو یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ جگر میں کوئی خرابی ہے۔ اس صورت میں جلد از جلد ڈاکٹر سے رابطہ کرنا چاہیے۔ یرقان کے مریضوں کی آنکھوں کی رنگت بھی زردی مائل ہوجاتی ہے۔
آنکھ کا مسلسل پھڑکنا اعصابی نظام کے کسی مسئلے کی نشاندہی کرتا ہے جبکہ جسم میں میگنیشیم کی کمی کی وجہ سے بھی ایسا ہوسکتا ہے۔
اور اگر آپ کو ہمیشہ تھکاوٹ محسوس ہوتی رہتی ہے تو اس کی وجہ آئرن یا وٹامن بی کی کمی بھی ہو سکتی ہے۔ یہ کمی کس طرح پوری ہو سکتی ہے، اس کے متعلق ماہر غذائیات یا ڈاکٹر ہی آپ کو بہتر رہنمائی فراہم کر سکتا ہے۔