نجی سکول کی جانب سے کنونشن سینٹر میں یکجہتی کشمیر پروگرام کا انعقاد ، آئی جی اسلام آباد کی بطور مہمان خصوصی شرکت
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارت نے معصوم کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے لیکن وہ ان کی جدو جہد آزادی کو کبھی نہیں دبا سکے گا اور پاکستانیوں کا دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے ایک نجی سکول کی جانب سے کنونشن سینٹر میں یکجہتی کشمیر پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ پروگرام کے دوران طلباءو طالبات نے بھارتی فوج کی جانب سے کیے جانے والے معصوم کشمیریوں پر مظالم پرایک ٹیبلو پیش کیا جسے دیکھ کر شرکاءکی آنکھیں نم ہو گئیں ۔ مہمان خصوصی آئی جی اسلام آباد نے اس موقع پر طلباءو طالبات سے خطاب بھی کیا جس میں ان کا کہناتھا کہ پاکستان کی جانب سے امن کا پیغام دیا جارہاہے ، قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، آزادی ایک لفظ نہیں ہے بلکہ یہ زندگی ہے ۔