جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو فرانس سے پہلا رافیل طیارہ موصول

جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو فرانس سے پہلا رافیل طیارہ موصول
جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو فرانس سے پہلا رافیل طیارہ موصول

  


پیرس(ڈیلی پاکستان آن لائن) فرانس نے پہلے رافیل طیارے آر بی-001کو بھارتی فضائیہ کے ڈپٹی ایئر چیف مارشل وی آر چوہدری کے حوالے کر دیا ہے۔ رواں برس فروری میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کی جانب سے بھارتی طیاروں کو مار گرانے اور ایک پائلٹ کی گرفتاری کے بعد بوکھلاہٹ اور خوف کی شکار مودی سرکار نے فرانس سے رافیل طیاروں کی خریداری کے عمل کو تیز تر کردیا ہے جس کے تحت بھارتی سپریم کورٹ میں طیاروں کی خریداری میں ہوشربا کرپشن اور اپوزیشن کے شدید احتجاج کے باوجود جارحیت پسند بی جے پی کی حکومت نے فرانس سے پہلا رافیل طیارہ تکنیکی طور پر موصول کرلیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فضائیہ کے ڈپٹی ایئر چیف وی آر نے جدید جنگی رافیل طیارہ موصول کیا اور ایک گھنٹے تک فضا میں پرواز کی، دوران پرواز طیارے کی کارکردگی اور افعال کا جائزہ لینے کے بعد اطمینان کا اظہار کیا، تکنیکی حوالگی کے کامیاب مراحل کے بعد رافیل طیاروں کی باقاعدہ آفیشل حوالگی 8اکتوبر کو فرانس میں ہوگی۔بعد ازاں4رافیل طیارے آئندہ برس مئی میں فراہم کیے جائیں گے جس کے لیے بھارتی فضائیہ کے10پائلٹس،10فلائٹ انجینئیرز اور40ٹیکنیشینز کو فرانس میں تربیت دی جارہی ہے جب کہ بقیہ طیاروں کی فرانس سے بھارت کو حوالگی اپریل 2022تک مکمل ہوجائے گی۔ بھارت نے فرانس سے کل36رافیل طیارے خریدے ہیں۔

یاد رہے کہ2012 میں یوپی حکومت نے جیٹ طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کیا تھا جس کے تحت18جیٹ جنگی جہاز تیار حالت میں ملتے اور108جہاز بھارت میں تیار کیے جاتے اس طرح فی جہاز قیمت526کروڑ بنتی۔اپریل2015کو وزیر اعظم مودی نے فرانس کے دورے کے دوران پرانے معاہدے کو منسوخ کرتے ہوئے نیا معاہدہ کیا جس کے تحت بھارت کو جیٹ طیاروں کے بجائے36رافیل طیارے ملیں گے، ایک طیارے کی قیمت1666کروڑ روپے ہوگی اور یہ سب امبانی کمپنی کو فائدہ پہنچانے کے لیے کیا گیا تھا جس پر معاملہ سپریم کورٹ تک بھی گیا تھا۔

مزید : بین الاقوامی


loading...