عالمی برادری دنیا میں پائیدار امن کے خواب کو حقیقت بنانےکاآغاز مسئلہ کشمیر کے حل سے کرے:بلاول بھٹو زرداری

عالمی برادری دنیا میں پائیدار امن کے خواب کو حقیقت بنانےکاآغاز مسئلہ کشمیر ...
عالمی برادری دنیا میں پائیدار امن کے خواب کو حقیقت بنانےکاآغاز مسئلہ کشمیر کے حل سے کرے:بلاول بھٹو زرداری

  


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےکہا ہے کہ  مقبوضہ  کشمیر میں جاری بھارتی مظالم عالمی امن کے خواب کو شرمندہ تعبیر ہونے کے آگے رکاوٹ ہیں،عالمی برادی اب مسئلہ کشمیر کو پیٹھ دکھاکر کھڑا ہونے کی متحمل نہیں ہوسکتی،عالمی برادری دنیا میں پائیدار امن کے خواب کو حقیقت بنانے کا  آغاز مسئلہ کشمیر کے حل سے کرے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے  امن کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے  پیغام میں کہا ہے کہ  دنیا انسانی ذات کے لئے قدرت کی گود ہے، ہم اسے میدان جنگ و جدل بنانے کے متحمل نہیں ہوسکتے،پاکستانی قوم دنیا میں امن و آشتی کی علمبردار ہے،کل آنے والی نسلوں کو پائیدار امن دینے کی خاطر آج ہمیں سکولوں پر  زیادہ سے زیادہ سرمایہ لگانا ہوگا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دنیا کو سب کے لیئے ایک جیسا مسکن بنانے کی خاطر ہم میں سے ہر ایک کو اپنا کردار نبھانا ہوگا،ہمیں اپنے گھروں میں بچوں کو صبر اور دوسروں کا احترام کرنا سکھانا ہوگا،اپنے محلے، گلی کوچوں میں رواداری اور بین المذاہب و بین السانی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہوگا،ملکی سطح پر جمہوریت کو تقویت اور سیاسی استحکام کو یقینی بنانا ہوگا۔انھوں نے کہا کہ عالمی سطح پر تنازعات کے حل کے لیئے سفارتکاری اور ڈائیلاگ پر انحصار کو بڑھانا اور بقائے باہمی کو فروغ دینا ہوگا،مقبوضہ  کشمیر میں جاری بھارتی مظالم بھی عالمی امن کے خواب کو شرمندہ تعبیر ہونے کے آگے رکاوٹ ہیں،عالمی برادی اب مسئلہ کشمیر کو پیٹھ دے کر کھڑا ہونے کی متحمل نہیں ہوسکتی۔بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری دنیا میں پائیدار امن کے خواب کو حقیقت بنانے کا آغاز مسئلہ کشمیر کے حل سے کرے۔

مزید : قومی /علاقائی


loading...