کراچی میں ہیٹ ویو کا خدشہ، درجہ حرارت40تک جانے کا امکان،ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی اور بتایا ہے کہ اگلے ہفتے سے ہیٹ ویو کا آغاز ہوگا۔
پیر سے جمعرات تک درجہ حرارت40ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ سمندری ہوائیں بھی تھم جائیں گی۔محکمہ موسمیات کی جانب سے ہیٹ ویو کی پیش گوئی کے بعد شہر بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ مسعود سولنگی نے ہدایت کی ہے کہ اتوارسے24ستمبر تک گرمی بڑھنے اور ہیٹ ویو کا خدشہ ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔انہوں نے تمام اسپتالوں کو ادویات کی فراہمی یقینی بنانے اور خصوصی انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔دوسری جانب چیف سیکرٹری سندھ ممتاز علی شاہ نے ایک نوٹی فکیشن جار ی کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ صحت میں زیر تریبت یا تین سال سے کم عرصے والے پوسٹ گریجویٹ عملے کی چھٹیاں بھی تاحکم ثانی منسوخ کردی گئیں ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والا ہوا کا کم دبائو ہیٹ ویو کا سبب بنے گا، کراچی میں گرمی بڑھے گی تو دیگر بالائی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان بھی ہے۔ طبی ماہرین نے لوگوں کو بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر پانی کے زیادہ سے زیادہ استعمال، دھوپ میں گھر یا دفاتر سے باہر نکلنے سے گریزاور اگر بحالت مجبوری نکلنا بھی پڑے تو سر کو ڈھانپ کر نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔