امریکی صدر کا سپریم کورٹ کی خاتون جج کی خالی نشست پر خاتون کو منتخب کرنے کا اعلان
واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کی خاتون جج کی خالی ہونے والی نشست کو ایک خاتون سے ہی پر کریں گے۔ سپریم کورٹ کی واحد خاتون جج رتھ بدر گنز برگ 27سال تک اعلیٰ عدلیہ میں خدمات سرانجام دینے کے بعد 87سال کی عمر میں کینسر کے باعث وفات پاگئی تھیں۔ وہ لبرل اور خواتین کے حقوق کی زیردست حامی تھیں۔ صدر ٹرمپ نے نارتھ کیرولینا کے شہر فارمیٹ ول میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مردوں پر خواتین کو ترجیح دینے کے سبب ایک خاتون جج کی وفات سے خالی ہونے والی نشست پر ایک خاتون کوہی نامزد کرنا چاہتے ہیں تاہم جو 2خواتین اس سلسلے میں ان کے زیر غور ہیں وہ دونوں آنجہانی لبرل جج کی بجائے قدامت پسند ہیں۔ یہ نامزدگیاں آئینی اعتبار سے سینٹ سے توثیق حاصل کرتی ہیں اور عمر بھر کیلئے مستقل ہوتی ہیں۔ زیر غور خواتین میں شکاگو سرکٹ کورٹ کی جج ایمی بیرٹ اور اٹلانٹا سرکٹ کورٹ کی جج باربرا لاگوا شامل ہیں۔ آنجہانی رتھ گنزبرگ تاریخ ساز قانون دان خواتین کے حقوق کی حامی اور امریکی قوم کا قیمتی سرمایہ شمار ہوتی ہیں۔ انہوں نے خواتین کے حق میں متعدد تاریخی فیصلے کئے۔
خاتون جج