کراچی،7روزہ انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہو گی، انتظامات مکمل 

  کراچی،7روزہ انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہو گی، انتظامات مکمل 

  

 کراچی(این این آئی)شہر قائد میں انسداد پولیو مہم آج(پیر) سے شروع ہوگی، اس سلسلے میں انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، مہم 7روز تک جاری رہے گی،6 ہزار سے زائد پولیو ٹیمیں اور 2 ہزار سے زائد سپروائزر فرائض انجام دیں گے،اس دوران 22لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی سہیل راجپوت کی زیر صدار ت ان کے دفتر میں اتوارکوجائزہ اجلاس منعقد ہوا،جس میں انسداد پولیو مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ایمر جنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینٹر فیاض عباسی، ایڈیشنل کمشنر ون اسد علی خان، تمام ڈپٹی کمشنرز، کمشنر کراچی انسداد پولیو ٹاسک فورس کے کو آرڈی نیٹر ڈاکٹر سہیل میمن، عالمی ادارہ صحت، یونیسف، روٹری اور بل گیٹس اینڈ ملنڈا فاؤنڈیشن کے نمائندے، محکمہ صحت اورپولیس کے افسران اوردیگر نے شر کت کی۔اجلاس میں کمشنر کراچی کو انسداد پولیو مہم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جا چکا ہے، انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوگی اور 7 روزتک جاری رہے گی۔کمشنر کراچی سہیل راجپوت پیرکی صبح ہیلتھ سینٹر بلدیہ میں اس مہم کا افتتاح کریں گے، کراچی کی 8 حساس یونین کونسلوں میں خصوصی ٹیمیں مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کمشنر کراچی نے سپر ہائی رسک یونین کونسلوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ ان علاقوں میں مقررہ ماہانہ مہم کے بعد بھی وائرس کے خاتمہ اور پولیو پلانے کا ہدف حاصل کرنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں انھوں نے کہا کہ وہ خود ان علاقوں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیں گے اور لوگوں سے ملیں گے۔اجلاس میں مائیکرو پلان اور مانیٹرنگ نظام کا بھی جائزہ لیا گیا اور مانیٹرنگ کو موثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔کمشنر کراچی سہیل راجپوت نے کہاکہ مہم کے دوران 22 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، 6 ہزار سے زائد پولیو ٹیمیں اور 2 ہزار سے زائد سپروائزر فرائض انجام دیں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرونا کے پیش نظر ایس او پیز کو سختی سے نافذ کیا جائے گا، کرونا سے بچاؤ کے لیے فیس ماسک اور ہینڈ سینی ٹائزر کا استعمال لازمی کیاجائے۔اس سلسلے میں والنٹیرز کے لیے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ گھر پر دروزاے کو ہاتھ کی بجائے پین یا رولر سے نوک کیا جائے گا۔اجلاس کے فیصلے کے مطابق پولیو ٹیموں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔۔کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو قومی مْقصد ہے تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں اپنا کردار ادا کریں اور حساس یونین کونسلوں میں ترجیحی اقدامات کریں کمیونٹی کے لوگوں کے ساتھ رابطہ سے کام کریں اور یقینی بنائیں کہ علاقہ کے لوگوں کو تعاون حاصل ہو۔ کمشنر نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ پولیوٹیموں کے ساتھ تعاون کریں ہر بار پولیو کے قطرے پلائیں اس سے ان کے بچوں کا مستقبل وابستہ ہے۔

مزید :

صفحہ اول -