حکومت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال میں بازی لے گئی، زہرہ نقوی
لاہور(پ ر) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے کہا ہے کہ حکومت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال میں بازی لے گئی۔وزیراعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر تعمیراتی شعبہ کے فروغ کیلئے آن لائن سروس کا آغاز کردیا گیا ہے۔ تعمیراتی شعبے سے متعلقہ اجازت ناموں اور این او سی کے حصول کیلئے جدید ون ونڈو سسٹم کی کامیابی کے بعد آن لائن پلیٹ فارم کا اجراء کر دیاگیا ہے۔بلڈرز، ڈویلپرز، آرکیٹیکٹس اور شہریوں کی نجی/کمرشل تعمیرات کیلئے اجازت نامے اب ایک کلک کے ذریعے میسر ہوں گے۔ صوبے میں معاشی استحکام اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے حکومت پنجاب نے ای گورننس پر مبنی محکمانہ اصلاحات متعارف کرائی ہیں اور وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق کنسٹرکشن سیکٹر کو صنعت کا درجہ دیئے جانے پر، اس شعبے سے جڑی معاشی بحالی کی حکمت عملی کے تحت ون ونڈوپلیٹ فارم فعال کئے گئے ہیں۔
پنجاب کو تعمیراتی بزنس حب بنانے کیلئے ای خدمت مراکز میں قائم کیا جانے والا یہ ون ونڈو نظام بلڈرز، ڈویلپرز، آرکیٹیکٹس کیساتھ ساتھ نجی تعمیرات کے حوالے سے عوامی مسائل کے حل کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے۔ اب رہائشی یا کمرشل منصوبوں کے نقشوں کی منظوری، تکمیل تعمیر سرٹیفیکیٹ، زمین کے استعمال میں تبدیلی کا این او سی یا نجی سوسائٹیوں کیلئے اجازت نامے، سب ایک چھت تلے ای خدمت مراکز سے فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ون ونڈو نظام کی کامیابی کے بعد وزیراعظم کی ہدایات کے پیش نظر اس سسٹم کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے آن لائن پورٹل www.construct.fc.punjab.gov.pk/loginکا اجراء مکمل ہو چکا ہے۔