علماء کشمیر یوں پر ہونیوالے بھارتی مظالم کو منبرومحراب سے اجا گر کریں، صدر آزاد کشمیر 

  علماء کشمیر یوں پر ہونیوالے بھارتی مظالم کو منبرومحراب سے اجا گر کریں، صدر ...

  

اسلام آباد(این این آئی)آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے علما کرام پر زور دیا ہے کہ وہ منبر و محراب سے کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کو اجاگر کریں کیونکہ مقبوضہ کشمیر اور ہندوستان کے مسلمانوں کو کلمہ گو ہونے اور محمد عربیؐ کا پیروکار ہونے کی سزا دی جا رہی ہے۔ کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں علما کے وفد سے ملاقات کے دوران سردار مسعود خان نے کہا کہ علما کرام، مذہبی رہنماں اور مذہبی جماعتوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے، مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی حالت زار اور ان پر غیر انسانی مظالم کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا اور اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی صفوں میں مزید اتحاد و اتفاق پیدا کر کے اپنے مظلوم اور بے بس بھائیوں اوربہنوں کی مدد اور داد رسی کے لئے کمر بستہ ہو جائیں۔ گزشتہ سال پانچ اگست کے بھارتی اقدامات کے بعد بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی اور آر ایس ایس کے مسلمانوں کو اس خطہ سے نیست و نابود کرنے کے حوالے سے حوصلے بڑھ چکے ہیں۔ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں نسل کشی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے تاکہ مقبوضہ ریاست میں مسلمانوں کی اکثریت کو مستقل طور پر اقلیت میں تبدیل کر دیا جائے۔ بھارتی فوج کی حراست میں حالیہ دنوں میں عرفان احمد ڈار نامی کشمیری نوجوان کی شہادت بھارتی ظلم و جبر کی کہانی بیان کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں سینکڑوں کشمیریوں کو شہید کیا گیا، ہزاروں نوجوانوں کو گرفتار کر کے غائب کیا گیا جبکہ خواتین کی بے حرمتی کی جارہی ہے اور ساری سیاسی قیادت کو گرفتار کر کے جیلوں میں بند کر دیا گیا ہے۔

صدر آزاد کشمیر 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -