موجودہ حکومت کی تمام ترپالیسیز کا محور عوام کی فلاح وبہبود ہے، ڈاکٹر امجد علی 

موجودہ حکومت کی تمام ترپالیسیز کا محور عوام کی فلاح وبہبود ہے، ڈاکٹر امجد ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی تمام تر پالیسیز کا محور عوام کی فلاح و بہبود ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو مختلف شعبوں میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرسکے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یونین کونسل کوٹہ گُمبتگے میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کو غریب عوام کے دکھ صرف ووٹ لینے کے وقت یاد رہتے ہیں، جبکہ بعد میں ان کا پوچھنا بھی گوارا نہیں کرتے۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں صوبے بھر میں ترقیاتی کاموں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، جو تیزی سے پایہ تکمیل کی جانب جارہا ہے۔ تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، بنیادی صحت کے مراکز سمیت انفراسٹرکچر کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جس کے باعث شہریوں کے معیار زندگی میں بہتری آرہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں اپنے حق کے حصول کے حوالے سے اگاہی بڑھی ہے اور اب وہ مزید اپوزیشن جماعتوں کے جھوٹے وعدوں اور دعووں کا شکار نہیں ہونگے۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف صوبے کے عوام کی نمائندہ جماعت بن کر ابھری ہے۔