ازخودنوٹس کیس،کمشنر فیصل آباد کی عدم پیشی پر سپریم کورٹ برہم ، آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سرکاری زمین پر پٹرول پمپس لیز پر دینے سے متعلق ازخودنوٹس کیس میں سپریم کورٹ کمشنر فیصل آباد کی عدم پیشی پر برہم ہو گئی ،عدالت نے کمشنر فیصل آباد کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا ۔
نجی ٹی وی جی این این کے مطابق سپریم کورٹ میں سرکاری زمین پر پٹرول پمپس لیز پر دینے سے متعلق ازخودنوٹس پر سماعت ہوئی ، کمشنر فیصل آباد کی عدم پیشی پر عدالت برہم ہو گئی،چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کمشنرفیصل آباد پیش کیوں نہیں ہوئے ۔چیف جسٹس گلزاراحمد نے کہاکہ عدالتی حکم عدولی پر کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر دونوں جیل جائیں گے ،اگرایسی فضول رپورٹ دی تو جیل بھیج دیں گے ۔
اے سی نے کہاکہ فیصل آبا میں عدالتی حکم پر پٹرول پمپ کا قبضہ واگزار کرا لیا،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ آپ کی رپورٹ میں تجاوزات سے متعلق کوئی تفصیلات نہیں ،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ گرین بیلٹ، کمیونٹی پلاٹ اور سڑک کیساتھ تجاوزات کا نہیں بتایا گیا ۔
چیف جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیاکہ فیصل آباد کا ماسٹر پلان کدھر ہے؟ ،اسسٹنٹ کمشنر نے کہاکہ ماسٹر پلان نہیں ملا ، جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ اتنا بڑا چارٹ عدالت میںپیش کیاگیا مگر معلومات زیروہیں ،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہاکہ کمشنر ملتان کی رپورٹ جمع کرا دی۔
سپریم کورٹ نے کمشنر فیصل آباد کی رپورٹ مسترد کردی اورآئندہ سماعت پر کمشنر فیصل آباد کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا ۔عدالت نے کہاکہ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں تجاوزات سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے ، عدالت نے فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ کاماسٹر پلان بھی پیش کرنے کا حکم دیدیا