قومی ٹیم کے وہ کھلاڑی جو ڈومیسٹک ٹی 20 کپ کے پہلے مرحلے میں شریک نہیں ہوں گے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں تین ٹیموں کو سٹارز کرکٹرز کی کمی محسوس ہو گی، سینٹرل پنجاب کو بابر اعظم اور ناردرن کو عماد وسیم کے بغیر نائب کپتانوں پر انحصار کرنا ہو گا جبکہ خیبر پختونخوا کو شاہین شاہ آفریدی کی خدمات میسر نہیں ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ30 ستمبر سے ملتان میں شروع ہو رہا ہے جہاں پہلے مرحلے میں 6 اکتوبر تک لیگ میچز کھیلے جائیں گے، سینٹرل پنجاب کے کپتان بابر اعظم اس وقت انگلش ٹی 20 بلاسٹ کرکٹ میں سمرسٹ کی نمائندگی کر رہے ہیں، ناردرن کے کپتان عماد وسیم ناٹنگھم شائر کی جانب سے ایکشن میں ہیں جبکہ خیبر پختونخوا کی ٹیم میں شامل اہم فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی ہیمپشائر کے سکواڈ کا حصہ ہیں۔
انگلش ٹی 20 بلاسٹ 3 اکتوبر کو اختتام پذیر ہو گا اور اس دوران کئی ٹیموں کی پیش قدمی کوارٹر فائنل سے قبل بھی تمام ہو سکتی ہے، بہرحال اگر پاکستانی کرکٹرز کو کاﺅنٹی کرکٹ سے فراغت مل بھی گئی تو سفری انتظامات، قرنطینہ اور کورونا ٹیسٹنگ کے مراحل کیلئے وقت درکار ہو گا، قبل ازیں پی سی بی نے بھی عندیہ دیا تھاکہ تینوں کرکٹرز 9 اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہونے والے دوسرے مرحلے میں دستیاب ہوں گے،اس صورتحال میں ملتان میں نائب کپتان ایکشن میں ہوں گے جبکہ ان میچز کے دوران سینٹرل پنجاب کی قیادت سعد نسیم اور ناردرن کی شاداب خان کے سپرد ہو گی۔
پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے قبل از وقت سکواڈز کو جوائن کرنے کا انحصار انگلینڈ میں ان کی ٹیموں کی پوزیشن پر ہے۔ دوسری جانب اپنی فیملی سے ملاقات کے بعد شعیب ملک دبئی سے واپس آ گئے ہیں جو ڈومیسٹک ایونٹ میں خیبر پختونخوا کی نمائندگی کریں گے۔