حیدر علی کی سب سے پریشان کن کمزوری کیا ہے؟ انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے تشویشناک انکشاف کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے کہا ہے کہ گزشتہ برس حیدر علی اور روحیل نزیر کو کہہ کر ایمرجنگ ٹیم میں شامل کیا اور دونوں نے سنچریاں سکور کیں جس سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور اب یہ پاکستان کا مستقبل ہیں، حیدر علی کیساتھ سپنرز کا سامنا کرنے کیلئے کام کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اعجاز احمد نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ حیدر علی میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے لیکن میں نے جو چیز نوٹ کی اور اس کے بارے میں حیدر علی سے بھی بات کی ہے وہ یہ ہے ان کے ساتھ سپنرز کا سامنا کرنے کیلئے کام کرنا ہے، ابھی جب بھی کیمپ لگے گا تو سپنرز کے حوالے سے اس کی کمزوریوں پر کام کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایمرجنگ ایشیاءکپ اور ورلڈ کپ کے دوران حیدر علی زیادہ تر سپنرز کے خلاف آوٹ ہوئے، ہم نے اب اس پر کام کرنا ہے۔مختصر دورانئے کی کرکٹ میں تو حیدر علی نے اپنا آپ دکھا دیا ہے اور اس میں تو ان کو کسی ایشو کا سامنا نہیں ہے، میں نے حیدر علی سے کہا ہے کہ آپ نے اپنا شو دکھا تو دیا کیونکہ کھیلنا آسان ہے لیکن اس انداز کو برقرار رکھنا مشکل ہے اور آپ کو یہ مشکل کام کرنا ہے، ہمیں حیدر علی کے ویک پوائنٹس پر کام کرنا ہے، حیدر علی کو چار روزہ کرکٹ میں صبر و تحمل کے ساتھ کھیلنا ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا میں یہ نہیں کہتا کہ چار روزہ کرکٹ میں حیدر کی پرفارمنس اچھی نہیں ہے، نوجوان بیٹسمین نے چار روزہ کرکٹ میں بھی اپنی صلاحیتیوں کے جوہر دکھائے، فائنل میں غیر معمولی کھیل پیش کیا، حیدر علی ینگ بلڈ ہے بس انہیں چار روزہ کرکٹ میں وکٹ پر لمبا ٹھہرنا آنا چاہیے اور اس کیلئے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا ہے۔