فیاض الحسن چوہان کے ویڈیو پیغام میں پیچھے بندوق کیوں پڑی ہے ؟ ہنگامے کے بعد اب صوبائی وزیر کا موقف بھی آ گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان اپنے سخت انداز اور اپوزیشن پر تیز وار کے باعث الگ پہنچان رکھتے ہیں لیکن اب انہوں نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنانے کیلئے جو ویڈیو پیغام جاری کیا اس میں وہ بندوق ہٹانا بھول گئے جس نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے تاہم اب ان کا اس پر پیغام بھی سامنے آ گیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق فیاض الحسن چوہان نے اپنے ویڈیو پیغام میں اپوزیشن کی اے پی سی کے آئندہ کے لائحہ عمل پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے ویڈیو بیان ریکارڈ کروایا جس میں ان کے پیچھے ایک بندوق بھی دکھائی دے رہی تھی ۔ جب یہ پیغام سوشل میڈیا پر آیا تو لوگوں نے سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر اس بندوق کو اپنا محور بنا لیا ۔ اس معاملے پر اب فیاض الحسن چوہان کا اپنا موقف بھی سامنے آ گیاہے جس میں انہوں نے کہا کہ وہ عقب میں رکھی گئی بندوق ہٹانا بھول گئے ، وہ اپنے پاس اسلحہ اس لیے رکھتے ہیں کیونکہ وہ ہر معاملے پر بات کرتے ہیں جس کے باعث ان کو کچھ دھمکیاں بھی موصول ہوئیں ، ان کی جان کو خطرات ہیں اس لیے وہ ہر وقت اپنے پاس اسلحہ رکھتے ہیں جبکہ ان کے پاس تین گنز موجود ہیں ۔ان کا کہناتھا کہ وہ آج ہٹانا بھول گئے جس کے باعث اس کی ویڈیو میں نمائش ہو گئی ۔