موٹروے پر جوڑے کو شرمناک حرکتوں پر مجبور کر کے ویڈیو بنا لی گئی، ملک کی معروف شاہراہ سے ایک اور افسوسناک خبر آگئی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) موٹروے پر ایک خاتون کے ساتھ ہونے والی بربریت کے واقعے کے صدمے سے ہی ابھی قوم نہیں نکل پائی تھی کہ اب موٹروے کے قریب ہی ایک اور ایسا انسانیت سوز واقعہ پیش آ گیا ہے۔ ویب سائٹ’ پڑھ لو‘ کے مطابق اس واقعے میں 3ملزمان نے ایک مرد اور عورت کو موٹروے پر غیر اخلاقی حرکات کرنے پر مجبور کرکے ان کی ویڈیو بنا لی اور بعد ازاں انہوں نے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی۔
ایم 3موٹروے پر پیش آنے والے اس واقعے کا مقدمہ ستیانا پولیس سٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ مرد اور عورت کی عمریں 50کی دہائی میں تھیں۔ اس آدمی کا نام اللہ دتہ اور خاتون کا نام معراج بی بی بتایا گیا ہے جو چک نمبر 433گ ب کے رہائشی ہیں۔ وہ موٹروے کے قریب کھیتوں میں بیٹھے تھے کہ 3ملزمان وہاں آ دھمکے اور انہیں غیراخلاق حرکات کرنے کو کہا۔
جب اس مرد اور خاتون نے انکار کیا تو ملزمان نے ان پر تشدد کیا اور انہیں غلط حرکات کرنے پر مجبور کر دیا اور اس کی ویڈیو بھی بنا لی۔ ملزمان نے جاتے ہوئے دھمکی دی کہ ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کر دی جائے گی۔ بعد ازاں ملزمان نے اس دھمکی پر عمل بھی کر ڈالا۔ پولیس کے مطابق ملزمان میں سے دو کی شناخت ہو چکی ہے جن کے نام بابر اور احسان ہیں۔ ان میں سے بابر کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور تیسرے ملزم کی شناخت اور گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔