"حیرت ہے کہ نواز شریف جنرل باجوہ کے ساتھ بھی نہیں چل سکے" فواد چوہدری کھل کر بول پڑے

"حیرت ہے کہ نواز شریف جنرل باجوہ کے ساتھ بھی نہیں چل سکے" فواد چوہدری کھل کر ...

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف سب سے زیادہ فیور لیتے ہیں لیکن پھر بھی ان کے شکوے ختم نہیں ہوتے، حیرت ہے کہ وہ جنرل باجوہ کے ساتھ بھی نہیں چل سکے۔

نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ عسکری قیادت سے ملاقات کرنے والوں کے نام شیخ رشید نے بتادیے ہیں۔ اس ملاقات کا اصل ایجنڈا گلگت بلتستان تھا۔ ملاقات میں عسکری قیادت نے واضح کیا کہ اگر آپ خود الیکشن کرانا چاہتے ہیں تو کرالیں، ہمیں بلاتے ہیں تو ہی ہم آتے ہیں، انتخابی اصلاحات سیاسی جماعتوں نے خود کرنی ہیں کیونکہ یہ معاملہ پارلیمان سے ہوگا۔

انہوں نے کہا نواز شریف کو سب سے زیادہ فیور عدلیہ سے ملی، وہ مجرم ہونے کے باوجود بیرون  ملک چلے گئے لیکن پھر بھی ان کے شکوے ختم نہیں ہوتے ، حیرت ہے کہ وہ جنرل باجوہ کے ساتھ بھی نہیں چل سکے۔ نواز شریف جمہوری بن رہے ہوتے ہیں لیکن ان کی اپنی پارٹی میں جمہوریت نہیں ہے، اگر ان کی پارٹی میں جمہوریت ہے تو مریم نواز کا اے پی سی میں کیا کام تھا، نواز شریف باتیں کرتے ہیں لیکن اقتدار میں آتے ہیں تو اصلاحات نہیں کرتے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی صرف ایک لڑائی ہے کہ ان کے کیسز ختم کردیے جائیں، مریم نواز کی وجہ سے ن لیگ کے لوگ ناراض ہیں، وہ گھر بیٹھ کر ٹویٹ کر رہی ہوتی ہیں، جب اسمبلیوں سے استعفوں کی بات آئے گی تو وہ جو 6 لوگ ان کے ساتھ کھڑے ہیں وہ بھی نظر نہیں آئیں گے۔

مزید :

قومی -