" نیوزی لینڈ ٹیم بہانے تلاش کر رہی تھی، دورہ کیوں منسوخ کیا تھوڑے وقت میں پتہ چل جائےگا" شیخ رشید ایک بار پھر کھل کر بول پڑے

" نیوزی لینڈ ٹیم بہانے تلاش کر رہی تھی، دورہ کیوں منسوخ کیا تھوڑے وقت میں پتہ ...

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نےکہاہےکہ نیوزی لینڈکی ٹیم شروع سے واپس جاناچاہتی تھی اوربہانے تلاش کررہی تھی،اُنہوں نے دورہ کیوں منسوخ کیا؟ تھوڑے وقت میں پتہ چل جائےگا۔

نجی ٹی وی "اے آر وائے نیوز"کے پروگرام گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں لاء اِن آرڈر کے معاملات کو دیکھتا ہوں ،میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ کوئی تھریٹ نہیں تھا اور نہ ہی ریڈ الرٹ تھا ،پہلی مرتبہ کیبنٹ میں وزیراعظم نے فوج تعینات کرنے کی منظوری دی ورنہ ہم رینجرز اور ایف سی سے کام لیتے ہیں ،اب میں فوج کے یونٹ نہیں گن سکتا کہ کون کون سے فوجی یونٹ ان کی سیکیورٹی پر مامور تھے ،دو ہیلی کاپٹر ان کی ویجلنس مکمل کر رہے تھے ،چار دن تک نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے پریکٹس بھی کی لیکن جمعہ کے روز سے وہ تھوڑے بہت ہلے ہوئے تھے ،اُنہوں نے اپنے ذرائع سے وزارت داخلہ میں یہ بات پہنچائی کہ کوئی مسئلہ تو نہیں ہے؟ہم نے کہا کہ کوئی مسئلہ نہیں ہے،کوئی جلوس جلسہ نہیں ہے،نیوزی لینڈکے کھلاڑیوں کویقین دہانی کرائی کہ گراؤنڈبھی خالی کرالیں گے ، ٹیم نے کہا صحافیوں کاجلوس ہوٹل کے بہت قریب ہو رہا ہے، نیوزی لینڈکے کھلاڑی صحافیوں کے جلوس سے ڈر رہے تھے ،صحافیوں کے جلوس سے نیوزی لینڈکی ٹیم کوکیاخطرہ ہوسکتاہے؟۔

انہوں نے کہا کہ دنیابھرمیں نیوزی لینڈ ٹیم کی واپسی کوٹاپ نیوز پر رکھا گیا، سب نے کہانیوزی لینڈکی ٹیم کسی صورت پاکستان میں کھیلنے کو تیار نہیں، پوری دنیا تسلیم کرتی ہے آئی ایس آئی بہترین ایجنسی ہے، آئی ایس آئی کے پاس بھی کوئی تھریٹ یاریڈالرٹ نہیں تھا،میں دعوی سے کہتاہوں ماضی میں کسی ٹیم کواتنی سیکیورٹی نہیں دی گئی نیوزی لینڈکی ٹیم کو جو سیکیورٹی دی گئی ماضی میں کسی ٹیم کونہیں دی گئی، نیوزی لینڈکی ٹیم کیلئے24گھنٹے بہترین اورہائی لیول سیکیورٹی رکھی گئی ،سب ادارے چاہتے تھے کہ 18 سال بعد یہ میچ ہونے جا رہا ہے،اس لئے یہ میچ بہت ضروری ہے،اس خطے کی سیاست اتنی اہم ہو تی جا رہی ہے کہ جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ سب "سیاسی"ہے،فارن آفس کا فیصلہ کرنا چاہئے کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے؟۔

مزید :

قومی -