وزیر اعظم سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی ملاقات کا امکان، نجی ٹی وی کا دعویٰ
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعظم عمران خان سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ارکان کی ملاقات ہونے کا امکان ہے ۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کا مقصد کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانا ہیں ، وزیر اعظم کی مصروفیت دیکھ کر دن اور وقت کا تعین ہوگا۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ بھی ملاقات میں موجود ہوں گے ۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 17 ستمبر سے کرکٹ سیریز شروع ہونے تھی مگر افتتاحی میچ سے کچھ دیر قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم سکیورٹی کا بہانہ بنا کر بغیر میچ کھیلے واپس لوٹ گئی ، اس کےبعد انگلینڈ کی ٹیم نے بھی پاک سر زمین پر آنے سے انکار کر دیا جس پر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بری طرح مایوس ہیں ۔
آئندہ ماہ ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلا جائے گا ، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں سے سیریز کے ذریعے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری میں بہت مدد ملنی تھی مگر سیریز منسوخ ہونے کے باعث سب کچھ دھرے کا دھرا رہ گیا ہے ۔