مشرقی سوڈان میں فوجی بغاوت کی کوشش ناکام ، تمام عناصر گرفتار کرلئے گئے
خرطوم (ڈیلی پاکستان آن لائن) مشرقی سوڈان میں بغاوت ناکام ہو گئی ، بغاوت کے مرتکب تمام عناصر کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مشرقی سوڈان میں فوجی بغاوت کی کوشش کی گئی ، علی الصبح آرمڈ کور کے چند افسران نے ملکی حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی لیکن اس پر جلد قابو پاتے ہوئے ناکام بنا دیا گیا ۔
العربیہ کے مطابق جنرل عبدالباقی بکراوی کی قیادت میں کم سے کم 20 فوجی افسران کے جتھے نے سوڈانی فوج کی آرمڈ کور کا کنٹرول سنبھال لیا تھا، آرمڈ کور کے بعض دستوں سے باغیوں کا کنڑول چھڑوانے کے لیے اب بھی سکیورٹی فورسز کارروائی کر رہی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بغاوت کا ڈرامہ رچانے والوں نے سرکاری میڈیا ہاؤسز کا کنڑول حاصل کرنے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی اداروں نے اسے ناکام بنا دیا۔ میڈیکل کور یونٹ کے سامنے سے اولڈ ام درمان پل کی سمت ٹینکوں کی نقل وحرکت دیکھی گئی جس سے راستے میں رکاوٹ پیدا ہو گئی تھی۔