فحش فلموں کا کیس، شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کو 2 مہینے بعد بڑی خوشخبری مل گئی
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) فحش فلموں کے کیس میں قید راج کندرا کو دو مہینے بعد ضمانت ملنے کے بعد جیل سے رہا کردیا گیا۔
بالی ووڈ ہنگامہ کے مطابق اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کو گزشتہ روز ممبئی کی ایک عدالت نے ضمانت دی تھی۔ عدالت کی جانب سے ضمانت کا فیصلہ سنانے کے فوری بعد شلپا شیٹی نے انسٹا گرام پر لکھا کہ قوسِ قزح اس لیے ظاہر ہوتی ہے تاکہ یہ ثابت کیا جاسکے کہ برے طوفان کے بعد خوبصورت چیزیں بھی ہوتی ہیں۔
عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد راج کندرا کو آج صبح ساڑھے 11 بجے کے قریب جیل سے رہا کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ راج کندرا کو دو ماہ قبل فحش فلموں کے کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر بعض اداکاراؤں نے زبردستی فحش فلمیں ریکارڈ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ شلپا شیٹی نے پولیس کو ریکارڈ کرائے گئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ اپنے کام میں اتنی زیادہ مصروف تھیں کہ انہیں پتہ ہی نہیں چلا کہ ان کے شوہر کس قسم کی ویب سائٹس چلا رہے ہیں۔