کورونا صورتحال میں بہتری کے بعد سٹاک ہوم میں پاکستانی تہوار بھر پور طریقے سے منائے جائیں گے : پاکستانی میلہ کمیٹی
سٹاک ہوم (حافظ محمد عمران) پاکستان میلہ کمیٹی نے کہا ہے کہ سویڈن میں کورونا وبا میں دن بدن بہتری آ رہی ہے اس لیے سٹاک ہوم میں دوبارہ پاکستانی تہوارکو بھر پورمنانے لے لئے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سویڈن میں قائم پاکستان میلہ کمیٹی کے ممبران عامر ندیم، طفر اقبال چوہدری، آصف بٹ، چوہدری رحمت علی،علی لشاری اورملک ایوب کی خواجہ ابوبکربٹ کے گھر میٹنگ ہوئی جس میں سویڈن میں کورونا وبا پر قابو پانے کے حوالے سے لگائی جانے والی حکومتی پابندیاں ختم ہوتے ہی پاکستانی بڑی تقریبات کرانے کا پلان تیار کیا گیا۔ممبران نے کہا کہ وہ سٹاک ہوم میں عید ملن پارٹی، فنون لطیفہ، قائد اعظم ڈے میلہ سٹاک ہوم اور 14 اگست پر یوم آزادی سمیت دیگر تقریبات کا اہتمام بھر پورطریقے سے کریں گے۔ میلہ کمیٹی کا کہنا تھا یہ تقریبات وہ پہلی بار نہیں بلکہ ایک دہائی سے آرگنائز کرتے آرہے ہیں جس کو کوویڈ-19 کی وجہ سے معطل کرنا پڑا تھا، تاہم کمیونٹی کے بے حد اصرار پر ایک بار پھر ہم روٹین کے پروگرامز مزید بہتری کے ساتھ کیا کرینگے جس کے لئے وہ مکمل طور پر تیار ہیں۔ میلہ کمیٹی کے ممبران کا مزید کہنا تھا کہ انکے تمام پروگرامز خالص فیملیز ایونٹس ہوتے ہیں جن کو ہرلحاظ سے پروگرام ترتیب دینے سے پہلے ہرزاویے سے سوچا جاتا ہے، جبکہ پاکستانی میلہ ایک جامع تقریب ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شرکت کرتے ہیں اور اس ایونٹ کا مقصد کمیونٹی کو انٹرٹین کرنے کے ساتھ ساتھ یورپ میں پاکستان کی ثقافت کو زندہ رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی میلہ کے دوران انتظامیہ کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ میلہ میں شرکت کرنے والے ہرشخص کو برابری کی سطح پرخوش آمدید کرے اورتقریب کو مکمل طورپرسیاست سے پاک رکھا جاتا ہے تاکہ ہر فرد میلہ میں شریک ہو کراپنی فیملی اور دوستوں کے ساتھ لطف اندوزہو سکے۔ پاکستانی میلہ کمیٹی کے ممبران نے کہا کہ میلہ میں نہ صرف سٹاک ہوم بلکہ سویڈن کے دوسرے شہروں کے ساتھ ساتھ یورپ کے دوسرے ممالک سے بھی لوگوں کی کثیرتعداد اپنی فیملیز کے ہمراہ شرکت کرتی ہیں، جبکہ لوگوں کی بڑی تعداد میلہ میں لگے سٹالزسے اپنے پسندیدہ کھانوں کےعلاوہ کپڑوں اور مختلف اشیا کی خریداری بھی کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ میلہ میں پاکستانی بلکہ دوسرے ممالک کے لوگ کی بھی بڑی تعداد شرکت کر کے پاکستانی کھانوں اور کلچر سے لطف اندوز ہوتی ہے۔