عوام کو وباء سے بچانے کیلئے ڈبلیوایچ او کی کوششیں لائق تحسین: چیئرمین سینیٹ

  عوام کو وباء سے بچانے کیلئے ڈبلیوایچ او کی کوششیں لائق تحسین: چیئرمین سینیٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

   


 اسلام آ باد (آئی این پی) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو وبائی امراض سے بچانے کیلئے ڈبلیو ایچ او کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اسلام آباد میں عالمی ادارہ صحت کے دفتر پہنچے ہیں جہاں ڈبلیو ایچ او کے پاکستان میں سربراہ ڈاکٹر پلیتھا گونراتھنا ماہیپالا نے چیئرمین سینیٹ کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر پلیتھا گونراتھنا ماہیپالا نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کیلئے ضروری میڈیکل چیئرمین سینیٹ کے حوالے کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے ضروری امداد فراہم کرنے پر ڈاکٹر پلیتھا گونراتھنا ماہیپالا کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر پلیتھا گونراتھنا ماہیپالا کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت شدید قدرتی آفت کا سامنا ہے جس کی پیش نظرصحت کے مراکز، طبی آلات سمیت دیگر چیزیں فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ملیریا، ڈینگی اور ڈائریا کی وبا پھیلی ہوئی ہے اور لوگوں کو غذائی قلت کا بھی سامنا ہے تاہم بچوں میں غذائی قلت کے خاتمے کیلئے ہم کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے ڈبلیو ایچ او کی جانب سے پاکستان کی بھرپور مدد پر سینیٹ اور پاکستانی عوام کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرین کی ابتدائی امداد کے بعد لوگوں کی بحالی کا ایک مشکل مرحلہ ابھی باقی ہے تاہم لوگوں کو صاف پانی اور غذا فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ڈبلیو ایچ او نے بہترین کردار ادا کیا ہے، ہم ڈبلیو ایچ او کے ساتھ مل کر پاکستان کے ہیلتھ سیکٹر میں مثبت تبدیلی لائیں گے۔
 چیئرمین سینیٹ

مزید :

صفحہ آخر -