عمران خان کیخلاف کارروائی نہ ہونے پر حکومت سے خائف ہوں،فضل الرحمن 

      عمران خان کیخلاف کارروائی نہ ہونے پر حکومت سے خائف ہوں،فضل الرحمن 

  

لاڑکانہ(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان خود امپورٹڈ ہیں، ان کی سیاست ختم ہوچکی، یہ اداروں پر حملے کر رہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف کارروائی نہ ہو نے پر حکومت سے خائف ہوں۔لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملک میں سیلا ب کی تباہ کاریوں میں سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، اس وقت بھی عوام کے گھروں میں پانی بھرا ہوا ہے، یہ قومی المیہ ہے جس سے قو می جذبے سے نمٹنا ہوگا، ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی 75 فیصد سے زائد آبادی ڈوب گئی تھی، ہم مسلسل سندھ میں جاری ریلیف کے حوالے سے جماعت سے رابطے میں تھے، خوشی ہوئی جماعت نے بلا تفریق متاثرین کی خدمت کی۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کو عمران خان نے متنازعہ بنانے کی کوشش کی ہے، فوج، عدلیہ، پارلیمنٹ، الیکشن کمیشن سمیت ہر ادارے پر عمران خان حملے کر رہے ہیں، عمران خان اور ان کی سیاست ختم ہو چکی ہے، ہم عمران خان سے مرعوب ہیں جس کا اختیار ہے وہی آرمی چیف تعینات کریں گے، چاہے وہ چیخیں یا چلائیں وہ ہم پر اثر انداز نہیں ہوسکتے۔ ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی اور نواز شریف سمیت دیگر جیل گئے لیکن اقوام متحدہ کو کبھی تشویش نہیں ہوئی، عمران خان بیرونی ایجنٹ ہیں اسلئے اقوام متحدہ کو کارروائی پر تشویش ہوتی ہے۔سربراہ پی ڈی ایم نے مزید کہا پنجاب حکومت خود کمزور ہے جو کچھ دنوں میں پلٹ جائیگی، جنس کے حوالے سے جو بل کی بات ہو رہی ہے وہ قرآن و سنت کے منافی ہے، موجودہ بل میں ترامیم کیلئے جے یو آئی مشاورت کررہی ہے، مکمل قرآن و سنت کے مطابق بل میں ترامیم کی جائیں گی۔

فضل الرحمن

مزید :

صفحہ اول -