حکومت ہینڈ کرافٹ کی صنعت کو ترقی دینے کیلئے کام کر رہی ہے عبد الکریم
پشاور (سٹاف رپورٹر) وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم خان نے کہا ہے کہ ہینڈی کرافٹ کی صنعت کی ترقی کی بدولت ملکی برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ ممکن بنایا جاسکتا ہے، اس مقصد کے لئے صنعت سے وابستہ خواتین کو ضروری تربیت دیکر ان کے روزگار کو فروغ دیا جائیگا، ان خیالات کا اظہارنے ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد کے ساتھ بورڈ آف انویسٹمنٹ خیبرپختونخوا کے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کے موقع پر کیا، اجلاس میں ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر نے ایسوسی ایشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور درپیش مسائل کے بارے میں معاون خصوصی کو آگاہ کیا، اجلاس میں وائس چیئرمین خیبرپختونخوابورڈ آف انویسٹمنٹ انجینئرسیدمحمود اور پراجیکٹ ڈائریکٹر منیر گل کے علاوہ سیاحت، سمیڈا، بینک آف خیبر، کے پی ازدمک اور TDAP کے حکام کے علاوہ صوبے کی خواتین انٹرپرینیور نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کی چیئرپرسن مریم نے کہا کہ ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایشن گزشتہ پندرہ سالوں سے کام کر رہی ہے جس میں ایک ہزار سے زائد خواتین ایسوسی ایشن کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں خواتین کو مختلف ٹریننگ کیساتھ ساتھ ان کی پراڈکٹ کے لئے نمائش کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے تاکہ خواتین اپنے پراڈکٹ کی تشہیر کر سکیں،ایسوسی ایشن دیہی خواتین کو مشینری اور دیگر آلات مختلف ڈونر کے ذریعے فراہم کرتی ہے۔ معاون خصوصی عبدالکریم خان نے ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایشن کے وفد کو صوبائی حکومت کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا انھوں نے ایسوسی ایشن کو درپیش مسائل، تربیت اور پراڈکٹ کی تشہیر کے حوالے سے متعلقہ اداروں کومسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس صنعت کو بھی فروغ ملے آخر میں معاون خصوصی عبدالکریم خان نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور شیلڈ زکا تبادلہ کیا۔