چربی اور آنتوں سے جعلی گھی تیارکرنیوالا یونٹ پکڑا گیا‘ ملزم گرفتار

    چربی اور آنتوں سے جعلی گھی تیارکرنیوالا یونٹ پکڑا گیا‘ ملزم گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سٹی رپورٹر) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے ایبٹ آباد کے علاقے بگنوتر میں کاروائی کرتے ہوئے ایک یونٹ سے بڑی مقدار میں مضر صحت و جعلی گھی برآمد کرلیا، جس کی تیاری میں چربی و آنتوں کا استعمال کیا جارہا تھا۔ چھاپے کے دوران یونٹ سے 1000 کلو سے زائد جعلی و مضر صحت گھی اور چربی ضبط کیا گیا، جسے بعد میں تلف کردیا گیا۔ کاروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کے دوران جعلی گھی تیار کرنے والے یونٹ کو سربمہر کردیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق یونٹ میں چربی اور آنتوں کو پگھلا کر جعلی خوردنی تیل اور گھی تیار کیا جارہا تھا، جبکہ صفائی کی صورتحال بھی نہایت ناقص پائی گئی۔ جعلی کو گندے ڈرمز میں سٹور کیا جارہا تھا، جبکہ چربی اور آنتوں کو یونٹ کے اندر رکھا گیا۔ کاروائی کے دوران برآمد ہونیوالے مضر صحت گھی، تیل و دیگر اشیا تلف کردئے گئے۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق مضر صحت گھی تیار کرنے پر یونٹ کو سربمہر کرنے کے ساتھ ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا، جس کے خلاف قانون کے مطابق مزید کاروائی کی جائیگی۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق یونٹ سے مضر صحت گھی ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاتا تھا۔ ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف اتھارٹی کی فیلڈ ٹیمز الرٹ ہیں، شہریوں تک محفوظ و معیاری خوراک کی رسائی یقینی بنانے کے لئے کریک ڈاونز کا سلسلہ جاری رہیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری بھی غیر معیاری خوراک کی تیاری میں ملوث کاروباروں کے حوالے سے فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ساتھ اپنے شکایات درج کراسکتے ہیں، جن کے خلاف بروقت کاروائی کی جائیگی۔