سی ٹی او کی رنگ روڈ پر سنٹر میڈین کی مرمت کی ہدایت
پشاور (سٹی رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے رنگ رورڈ پر سنٹر میڈین کی مرمت کیلئے متعلقہ حکام کو فوری مرمت کرنے کی ہدایت کردی اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے گزشتہ روز رنگ روڈ کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز رحیم حسین, ڈی ایس پی رنگ روڈ ذاکر خان اور دیگر ٹریفک حکام اور اہلکار بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے دورے کے دوران ٹریفک کی روانی کا جائزہ لیا جبکہ بعض مقامات پر سنٹر میڈین کی حالت ابتر ہونے پر ٹریفک افسران اور اہلکاروں کے ہمراہ کوننگ کی جبکہ متعلقہ حکام کو سنٹر میڈین کی مرمت کرنے کی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہوں۔ اس دوران انہوں نے بارگین مالکان کو گاڑیوں کی خرید و فروخت اپنی حدود میں کرنے اور تجاوزات قائم نہ کرنے کی ہدایت کی جبکہ خلاف ورزی کرنے پر ٹریفک حکام کو مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ رنگ روڈ پر بلا تعطل ٹریفک کی روانی یقینی بنائیں جبکہ ہیوی گاڑیوں کو مقررہ وقت سے پہلے شہر کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک حکام رنگ روڈ پر ون ویز کی خلاف ورزی کرنیوالوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ ٹریفک حادثات رونما نہ ہو جبکہ خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور اس سلسلے میں کسی کیساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے جبکہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہری ٹریفک قوانین کا احترام کرتے ہوئے سفر کو محفوظ بنائیں تاکہ کسی قسم کا حادثہ رونما نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور شہر میں ٹریفک کی روانی یقینی بنانے سمیت ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی اس سلسلے میں غفلت ناقابل برداشت ہے۔