امداد کی تقسیم میں کرپشن،جماعت اسلامی کی سندھ بھر میں احتجاج کی کال

  امداد کی تقسیم میں کرپشن،جماعت اسلامی کی سندھ بھر میں احتجاج کی کال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کی جانب سے بارش وسیلاب زدگان کی تقسیم امداد میں کرپشن اور تاخیری حربوں کیخلاف جماعت اسلامی نے جمعہ 23ستمبر کو سندھ بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا، اس حوالے سے سندھ کے تمام ضلعی وتحصیل مقامات پر پریس کلب واہم مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے جس میں متاثرین بھی شرکت کریں گے۔ان خیالات کا اظہارامیر جماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کراچی پریس کلب کے دوریکے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا۔سیکرٹری پریس کلب محمد رضوان بھٹی،صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا ودیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی امیر کا مزید کہنا تھاکہ قدرتی آفت اور حکومتی نااہلی کی وجہ سے لاکھوں لوگ اپنے گھروں واملاک سے محروم ہوکر کھلے آسمان تلے بے یارومددگار سڑکوں پر پڑے ہوئے ہیں، ملکی وغیر ملکی امداد کی تقسیم میں بھی کرپشن اور تاخیری حربوں سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہورہا ہے کافی دنوں سے پانی کھڑا رہنے کی وجہ سے وبائی بیماریاں پھیل رہی ہیں طبی سہولیات پہلے ہی نہ ہونے کے برابر ہیں روزانہ درجنوں لوگ ملیریا،گیسٹرو اور ڈینگی سمیت دیگر وبائی امراض کی وجہ سے موت کا شکار ہورہے ہیں۔80 فیصد زراعت تباہ ہوگئی ہے مگر حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی اسلئے جماعت اسلامی کی جانب سے سندھ حکومت کی تقسیم امداد میں کرپشن اور تاخیری حربوں کیخلاف جمعہ کو متاثرین کے ساتھ سندھ بھر میں احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔