آٹے کے سرکاری نرخ65 روپے فی کلو کی فروخت کو یقینی بنایا جائے، ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ
عمرکوٹ(سید ریحان شبیر)محکمہ خوراک کی جانب سے مقرر کردہ آٹے کی سرکاری نرخ"65" روپے فی کلو کی فروخت کو یقینی بنایا جائے ضلع عمرکوٹ کے تمام تعلقوں میں آٹےکی رعایتی فروخت کے سٹالز لگائے جائیں اور آٹا چکی مالکان اور فلور ملز مالکان کو آٹا سرکاری نرخ پر فروخت کرنے کے لیے پابند کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو کی زیر صدارت اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں منعقدہوا اجلاس میں محکمہ ریونیو کے افسران بشمول محکمہ خوراک کے افسران، فلور مل مالکان، آٹا چکی مالکان نے شرکت کی ، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ایم بی راجہ دھاریجو نےڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سے گندم کے کوٹے کی تفصیلی معلومات لی اور سرکاری گوداموں میں پڑی گندم کی تفصیلات اور ان کے حوالے سے حکومت سندھ کی طرف سے جاری کردہ پالیسی کے مطابق گندم کی فروخت کے حوالے سے آگاہی لی ۔
ڈپٹی کمشنر نےاجلاس سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی پر مکمل عملدرآمد کیا جائے اور عوام کو سرکاری نرخ پر آٹا فراہمی کو یقینی بنایا جائےاجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع بھر میں آٹے کے سٹال لگانے اور سرکاری نرخ پر آٹے کی فروخت کو یقینی بنانے کے لیے ہر تعلقہ میں اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں ایک کمیٹی بنائی جائے جس میں محکمہ پرائس کنٹرول کے عملداروں، محکمہ خوراک کے حکام کو شامل کیا جائے اور کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر منڈیوں کا دورہ کرے تاکہ عوام کو سرکاری نرخ پر آٹے کی فروخت کو یقینی بنایا جا سکے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی فلور مل مالک اور آٹا چکی مالک کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
اس موقع پر انہوں نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عمرکوٹ کو ہدایت کی کہ آٹے کے سٹالز لگا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے اور آٹے کی سرکاری نرخ پر فروخت کو یقینی بنایا جائے، اس موقع پر ڈی ایف سی نے بتایا کہ اس وقت ضلع عمرکوٹ کے سرکاری گوداموں میں گندم کے 93 ہزار کے قریب تھیلے موجود ہیں اور جیسے ہی حکومت سندھ مزید گندم کے تھیلے جاری کرے گی تو تمام فلور ملز مالکان اور آٹا چکی مالکان کو مقررہ کوٹہ کے تحت گندم دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ عمرکوٹ میں کل 300 آٹا چکیاں اور ایک فلور ملزموجود ہیں، اجلاس میں تمام تعلقہ کے اسسٹنٹ کمشنروں، ڈی ایس پیز، مختیارکارز، فلور ملز مالکان ،آٹا چکی مالکان، اور دیگر نے شرکت کی۔