بیوی کے انتقال کے بعد بیٹے کی پرورش کرنا کتنا مشکل تھا؟ اداکار راہول دیو بتاتے ہوئے جذباتی ہو گئے
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ماڈل و اداکار راہول دیو نے اہلیہ کے انتقال کے بعد بیٹے کی اکیلے پرورش کرنے میں درپیش آنے والی مشکلات کا بہت جذباتی انداز میں دنیا کے سامنے اظہار کر دیا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق راہول دیو نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ 2009ءمیں ان کی اہلیہ رینا کی موت کے بعد وہ اپنے بیٹے سدھارتھ دیو کی اکیلے پرورش کرتے آ رہے ہیں جو کہ ایک انتہائی کٹھن کام ہے۔
راہول دیو نے کہا کہ ”یہ خواتین ہی ہیں جو بچوں کی پرورش کر سکتی ہیں۔ کئی مواقع ایسے آئے جب میں صبر کھو بیٹھتا تھا۔ خواتین ہی بچوں کو سمجھ سکتی ہیں اور انہی میں وہ صبر و برداشت ہے جو بچوں کی پرورش کے لیے بہت ضروری ہوتی ہے۔ اکیلے بچے کی پرورش کرنا فلموں میں ہی آسان لگتا ہے۔ میں دعا کروں گا کہ کسی دشمن کے بھی ایسی صورتحال درپیش نہ آئے جس سے میں گزرا ہوں۔“
اپنی گرل فرینڈ مگدھا گوڈکے ساتھ تعلق کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے راہول دیو نے کہا کہ ”میری اور اس کی عمر میں 14سال کا فرق ہے جو میرے خیال میں بہت زیادہ ہے۔ میں 50سے اوپر ہوں اور وہ ابھی 40سال کی ہے۔ بعض اوقات مجھے محسوس ہوتا ہے کہ یہ اس کے ساتھ ناانصافی ہے۔“