پاک سوزوکی نے کیری ڈبے کے ایئر کنڈیشنڈ ماڈل کی پیداوار ختم کردی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے اپنی کیری ڈبے ’بولان‘ کے ایئرکنڈیشنڈ ماڈل کی پیداوار ختم کر دی۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق کمپنی کی طرف سے اس گاڑی کی پیداوار روکنے سے قبل کوئی باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا اورکمپنی کے اس اقدام کی خبر اچانک سامنے آئی۔
گزشتہ دو ماہ کے دوران پاک سوزوکی موٹر کمپنی بولان کے صرف 580یونٹ ہی فروخت کر پائی ہے۔ ان میں بھی ایئرکنڈیشنڈ یونٹس کی تعداد انتہائی کم ہے۔ فروخت میں اس قدر کمی کے پیش نظر کمپنی کی طرف سے خاموشی کے ساتھ بولان ایئرکنڈیشنڈ ماڈل کی پیداوار روک دی گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بولان اے سی کے مقابلے میں کئی گاڑیاں پاکستانی مارکیٹ میں آ چکی ہیں۔ ان کی نسبت بولان اے سی کی قیمت بہت زیادہ ہے اور فیچرز نہ ہونے کے برابر ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ دیگر گاڑیوں کی طرف راغب ہو رہے ہیں، جس سے بولان اے سی کی طلب میں کمی آ گئی ہے۔