چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے بھائی رازق سنجرانی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے بھائی رازق سنجرانی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ رازق سنجرانی 22ستمبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہوں،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے توہین عدالت کاتحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق عدالت نے رازق سنجرانی کو 21ستمبر تک توہین عدالت شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے،حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے رازق سنجرانی کو غیرقانونی طور پرٹاپ ون رہائش الاٹ کی ہے،ٹاپ ون رہائش گریڈ 21یا 22کے افسران کو الاٹ کی جاتی ہے۔
عدالتی حکم میں مزید کہا گیاہے کہ رازق سنجرانی کو بطور ایم ڈی سینڈک ٹائپ ون رہائش الاٹ کی گئی ہے جبکہ رازق سنجرانی کو سال 2046تک ٹاپ ون رہائش الاٹ کی گئی ہے ، اس حوالے وہ کوئی بھی مناسب جواب دینےسے قاصر رہے ہیں،رازق سنجرانی کی عمر 33 سے 34سال ہے،33یا34سال کا شخص کیسے گریڈ22کا آفیسر ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ یکم ستمبر کو عدالت نے رازق سنجرانی کو مقدمے میں فریق بناتے ہوئے 15ستمبر تک جواب طلب کیاتھا جو جمع نہیں کرایا گیا،وکیل کی جانب سے مہلت طلب کرنے پر 18ستمبر تک جواب جمع کرانے کا حکم دیا گیا تھاجس پر اب تک جواب جمع نہیں کرایا گیا۔