ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی انٹراکورٹ اپیل پر سماعت، وکیل کی تیاری کیلئے مزید وقت کی استدعا منظور

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی فرد جرم عائد کرنے کیخلاف ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی انٹراکورٹ اپیل پر سماعت پر وکیل کی تیاری کیلئے مزید وقت کی استدعا منظورکرلی۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہریار آفریدی کیخلاف ایم پی او آرڈر میں اختیارات سے تجاوز پر ڈی سی اسلام آباد کی توہین عدالت کی فرد جرم عائد کرنے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت ہوئی،جسٹس طارق محمود جہانگیری نے استفسار کیا کہ عبوری حکم کے خلاف انٹراکورٹ اپیل کیسے قابل سماعت ہے؟رضوان عباسی ایڈووکیٹ نے کہاکہ سنگل بنچ کا کوئی بھی آرڈر 2رکنی بنچ کے سامنے چیلنج کیا جا سکتا ہے، یوسف رضا گیلانی نے توہین عدالت کا شوکاز نوٹس سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔
وکیل ڈی سی اسلام آباد نے کہاکہ سپریم کورٹ نے اپیل قابل سماعت قرار دیتے ہوئے میرٹ پر خارج کی تھی، عدالت نے ڈی وی کے وکیل کو تیاری کیلئے مزید وقت دیتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی ۔